جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

نمرہ کاظمی کیس : عدالت کا تفتیش پر اظہار برہمی، تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم

10 مئی, 2022 13:47

کراچی : جوڈیشل مجسٹریٹ نے نمرہ کاظمی کیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی جاوید علی کوریجو کی عدالت میں پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی کے اغواء کیس کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے عبوری چالان عدالت میں پیش کر دیا۔ پولیس نے مقدمے میں کم عمری کی شادی کے دفعات بھی شامل کردیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید علی کوریجو نے عبوری چالان غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید علی کوریجو نے تفتیش مکمل کرکے 16 مئی تک چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت کے مطابق تفتیشی افسر نے نمرہ کاظمی کے "بے” فارم کی نادرا یا اسکول سے تصدیق نہیں کی۔ واقعے کو 20 روز مکمل ہوگئے، پولیس نے کوئی پیشرفت نہیں کی۔ تفتیشی افسر نے نمرہ کاظمی کی عمر کی تعین کیلئے کوئی کوششیں نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کو لڑکیوں کی شادی کی کم سے کم عمر کا تعین کرنے کی ہدایت

مجسٹریٹ جاوید علی کوریجو نے ریمارکس دیئے کہ پولیس نے نمرہ کاظمی اور شاہ رخ کے نکاح نامہ کی تصدیق بھی نہیں کرائی ہے۔ تفتیشی افسر مغویہ کو بازیاب کرانے میں بھی ناکام رہا ہے۔ پولیس نے میڈیا خبروں کی بنیاد پر کم عمری کی دفعات شامل کیں۔

تفتیشی افسر تحقیقات میں مکمل ناکام ہوئے۔ عدالت نے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کورنگی کو کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس کا نیا تفتیشی افسر ڈی ایس پی رینک سے کم کا نہیں ہونا چاہیے۔ کیونکہ کیس حساس نوعیت کا ہے۔

واضح رہے کہ نمرہ کاظمی کے اغواء کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج ہے۔ نِمرہ کاظمی اور شاہ رخ نے مبینہ نکاح کر کے سوشل میڈیا پر بیان بھی جاری کیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top