جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عمران خان کی نیب ترامیم کیخلاف درخواست، فریقین کو تحریری گزارشات جمع کرانے کا حکم

16 مئی, 2023 14:27

اسلام آباد : نیب ترامیم کیخلاف درخواست پر عمران خان اور وفاقی حکومت کو تحریری گزارشات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بینچ کا حصہ ہیں۔

وکیل مخدوم علی خان کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آج تو آپ ہم سے بہت دور ہیں۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ کل حالات ہی ایسے تھے کہ یقین نہیں تھا عدالت پہنچ سکوں گا۔ آج کل تو سوشل میڈیا بھی نہیں چل رہا کہ معلومات مل سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی 9 مئی یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

چیف جسٹس نے کہا کہ دھیان سے بات کریں، عدالت میں کہی ہوئی بات سوشل میڈیا پر سیاق و سابق سے ہٹ کر پیش کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر تو گڈ ٹو سی یو بھی غلط انداز میں چلایا جاتا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کیس کی آج 46 سماعتیں ہوچکی ہیں۔ اب تک خواجہ حارث 26 اور مخدوم علی خان نے 19 سماعتوں پر دلائل دیئے۔ مقدمہ کو مزید نہیں لٹکانا چاہتے کیونکہ عدالتی چھٹیوں میں شاید بینچ بیک وقت یہاں دستیاب نہ ہو۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کا کہنا تھا کہ بینچ اس کیس کو جلد نمٹانا چاہتا ہے۔ تحریری مواد دیکھنے کے بعد ضرورت ہوئی تو مزید سماعت کریں گے۔ اگر فراہم کردہ مواد پر عدالت کسی نتیجہ پر پہنچی تو فریقین کو آگاہ کر دیں گے۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ وکیل عمران خان واضع کرے، وہ کن ترامیم کو کن بنیاد پر چیلنج کرتے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کی نیب ترامیم کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے عمران خان اور وفاقی حکومت کو تحریری گزارشات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

نیب ترامیم کیخلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top