جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان نوجوانوں کو ورغلا کر بغاوت پر اکسارہا ہے : شرجیل میمن

13 مئی, 2023 16:15

کراچی : صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان لوگوں کو استعمال کر رہا ہے، نوجوانوں کو ورغلا رہا ہے، عمران خان اداروں اور سربراہوں کو دباؤ میں لاکر کام کرانا چاہتا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کل ایک انوکھا آرڈر عدالت نے دیا ہے۔ یہ واحد شخص ہے، جو جتنے بھی قتل کرے اسے معاف ہیں۔ یہ شخص قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائے اسے معاف ہیں۔ یہ شخص فوراً گھر پہنچ گیا، جیل میں اپنے کارکنوں سے نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فرد واحد اپنے لیے ہر چیز کرنے کو تیار ہے۔ ورکرز قوم کو یرغمال بنائیں، اسے فرق نہیں پڑتا۔ عمران خان لوگوں کو استعمال کر رہا ہے، نوجوانوں کو ورغلا رہا ہے۔ بغاوت پر اکسارہا ہے۔ پورے پاکستان کو یرغمال بنایا گیا، قانون کو روندا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ شخص بہت خوش قسمت ہے۔ عمران خان نے معصوم خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا۔ عمران خان ورکرز کو نکالنے کی بات کررہا تھا تواپنی فیملی کو بھی باہر نکلنے کا کہتا۔ فیملی کو کہتا کہ تحریک چلاؤ۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی : خرم دستگیر

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان توشہ خانہ کی چوریوں کا قوم کو بتائیں۔ صادق و امین کا سرٹیفکیٹ لیکر گھومنے والا سچ بتا دے۔ عمران خان نئے چیف کو دھمکی دے رہا ہے۔ یہ اداروں اور سربراہوں کو دباؤ میں لاکر کام کرانا چاہتا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ چاہتا ہے کہ اداروں میں لڑائی ہو۔ اداروں میں کبھی لڑائی نہیں ہوگی۔ پاکستان ہیومن رائٹس کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہو رہی۔ عمران خان کو کرپشن، چوری، ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ القادر ٹرسٹ کی اسٹوری بتائیں۔ بتائیں کہ القادر ٹرسٹ میں کیسے کرپشن کی۔ جو کام بھارت 75 سال میں نہیں کرسکا، وہ عمران خان بھارت کیلئے کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے جس میں لکھا ہے کہ عمران خان کو بھارت سے پیسے ملتے ہیں، انہیں چیلنج نہیں کیا گیا۔ برطانیہ میں بھی پی ٹی آئی کو پیسے بھارت سے مل رہے ہیں۔ ملک میں بھائی کو بھائی سے لڑانے، نفرتیں پھیلانے کیلئے پیسے مل رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں اس سے بری مثال نہیں ملتی۔ جھوٹے، مکار، بے ایمان، فتنہ شخص کو اتنی رعایت دو گے تو سوال اٹھیں گے۔ یہ تشویشناک صورتحال اور لمحہ فکریہ ہے۔ عمران خان انتہائی خود غرض اور مطلبی انسان ہے۔ وہ دنیا کا کوئی بھی غیر قانونی کام کرسکتا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اداروں نے صبر وتحمل سے کام لیا۔ اداروں کے صبر و تحمل پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ عمران خان بھارت کی انگلیوں پر ناچنے والی کٹھ پتلی ہے۔ گھڑیاں بیچنے والے عمران خان کا لیول جیب کتروں والا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top