جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستانی عوام کے لیے حج بھی تاریخ کا مہنگا ترین ہوگیا

11 مارچ, 2023 15:27

دس سال کی قلیل مدت میں حج بھی پاکستانی عوام کے لئے چار گنا مہنگا ہوگیا ہے۔ جی ٹی وی نیوز 2014ء سے 2023 تک کی تمام تفصیلات اور تقابلی جائزہ منظر عام پر لے آیا۔

دس سال میں سرکاری حج پیکج 2 لاکھ 74 ہزار سے بڑھ کر 11 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گیا۔ امسال پاکستانی عوام کے لئے سرکاری حج اسکیم 11 لاکھ 75 ہزار اور دس ہزار کے فرق سے جنوبی علاقوں کے لئے ہوگی۔

سرکاری اسکیم کے حاجیوں کو سرکاری فیس کے علاوہ بھی زاد راہ رکھنا ہوگا۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والا فی پاکستانی عازم کم از کم ساڑھے بارہ لاکھ تک خرچہ جمع کرکے جاسکے گا۔

پرائیویٹ کے لئے کم از کم رقم ساڑھے 13 لاکھ تک پہنچ جائیگی اور زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔ 2022ء کی نسبت امسال سرکاری اسکیم کے تحت تقریباً 40 فیصد سے زائد حج پیکج مہنگا ہوگیا۔

2022ء میں حج بیت اللہ سرکاری اسکیم کے تحت 8 لاکھ 61 ہزار روپے تک رکھا گیا تھا۔ وفاقی حکومت نے سوا 5 ارب روپے کی سبسڈی دے کر پیکج میں ایک لاکھ 50 ہزار کی کمی کی۔ گزشتہ سال پاکستانی عازمین نے سرکاری اسکیم کے تحت تقریباً سوا سات لاکھ روپے ادا کئے۔

2019ء میں کورونا سے قبل حج اخراجات سرکاری اسکیم کے تحت 4 لاکھ 35 ہزار روپے تھے۔ 2014ء میں سرکاری اسکیم کے تحت پیکج 2 لاکھ 74 ہزار روپے رکھا گیا تھا۔ 2020 اور 2021ء میں کورونا کے سبب بین الاقوامی دنیا کے لئے حج آپریشن معطل رہا۔ حج صرف مقامی سطح پر ادا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دے دی

2022ء میں حج بیت اللہ دنیا کے لئے مخصوص کوٹہ پر 40 سے پچاس فیصد کٹ کیساتھ ادا کیا گیا۔ پوری دنیا کے لئے حج آپریشن کے موقع پر سخت ترین کورونا پالیسی لاگو رہی، پاکستانی عازمین کو بھی اسی کے تحت اجازت ملی۔

کورونا کے بعد حج پیکج میں دگنا اضافہ ہوا اور پاکستانی حج اخراجات ساڑھے چار لاکھ سے بڑھ کر 8 لاکھ کو کراس کرگئے۔ امسال پاکستان سمیت پوری دنیا کا کوٹہ بحال کردیا گیا اور حج آپریشن کو پہلے کی طرح مکمل کھول دیا گیا۔

کوٹہ اوپن ہونے کیساتھ ہی حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت 40 فیصد سے زائد اور گزشتہ 10 سال میں چار گنا اضافہ کردیا گیا۔ پاکستان سے امسال 1 لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب عازم حجاز مقدس ہونگے۔ پچاس فیصد سرکاری عازمین سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے فیس کی مد میں وصول کئے جائینگے۔

نجی طور پر پچاس فیصد عازمین کے لئے کوٹہ 12 لاکھ سے 20 لاکھ تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔ امسال وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری سکیم کے تحت حاجیوں کو کوئی سبسڈی بھی فراہم نہیں کی گئی۔

وفاقی حکومت نے فیس کی مد میں ڈالرز جمع کرانے والوں کے لئے اسپانسر اسکیم کا اعلان کردیا ہے۔ 4 ہزار 3 سو 25 ڈالرز سرکاری حج اسکیم کے تحت جمع کرانا ہوں گے، جس کا مکمل کوٹہ 44 ہزار 802 رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے دور حکومت میں حج 4 لاکھ 35 ہزار بڑھنے پر اس وقت کی اپوزیشن جماعتوں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے شدید اعتراض کیا تھا۔ گزشتہ سال جماعت اسلامی نے ن لیگی دور میں حج پیکج 8 لاکھ روپے تک بڑھنے پر اعتراض اٹھایا تھا۔

2014 میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے حج پیکج 2 لاکھ 74 ہزار رکھا۔ 2019ء میں پی ٹی آئی کی حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حج پیکج 4 لاکھ 35 ہزار رکھا۔

2022 میں ن لیگی حکومت میں ن لیگی حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پیکج ساڑھے 8 لاکھ رکھا۔ جسے سوا سات لاکھ تک لایا گیا۔ 2022ء میں مسلم لیگ ن کی حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پیکج کو 11 لاکھ 75 ہزار تک بڑھا دیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top