جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

آئین عمران خان کی لونڈی نہیں، فرد واحد کیلئے اسمبلی ختم نہیں ہونے دیں گے : عظمیٰ بخاری

28 نومبر, 2022 16:10

لاہور : لیگی ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عمران خان کی خواہش پر الیکشن کی تاریخ نہیں دے گی، آئین پاکستان عمران خان کے گھر کی لونڈی نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان عظمی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ ایک فرد واحد کی خاطر اسمبلی کو ختم نہیں ہونے دے گی۔ ہم تمام آئینی اور قانونی طریقہ کار اختیار کریں گے۔ ان کے پاس پنجاب اسمبلی میں آدھی سیٹیں ہیں، باقی آدھی کو کس بات کی سزا ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی استعفے نہیں دے گی۔ انہوں نے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے اور بعد میں اسپیکر اسمبلی کے پاس گئے کہ ہمارے استعفے قبول نہ کریں۔ عمران خان اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے تھے لیکن ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی اسمبلیاں شوق سے تحلیل کرے، وفاقی حکومت مدت پوری کرے گی : عطاء تارڑ

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کورٹ آئین پاکستان کو روندنے نہیں دے گی۔ عمران خان نے تمام تر حربے استعمال کرکے دیکھ لیا ہے۔ آئین پاکستان عمران خان کے گھر کی لونڈی نہیں ہے۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے حوالے سے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ وفاقی حکومت عمران خان کی خواہش پر الیکشن کی تاریخ نہیں دے گی، نہ اس سے بلیک میل ہوں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top