جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بلوچستان حکومت ماہِل بلوچ کی گرفتاری کی وجوہات اور تفصیلات سامنے لے آئی

22 مارچ, 2023 12:35

کوئٹہ : ترجمان کا کہنا ہے کہ ماہِل بلوچ کے ذریعے بلوچستان میں بہت بڑی دہشتگردی کی کارروائی ہونی تھی، جو گرفتاری سے ناکام ہوگئی۔

ترجمان حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایا نے پریس کانفرنس کی، جس میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں قوم کو بتانا ہے کہ دشمن کس طرح ہمارے معصوم عوام کو ورغلا کر استعمال کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران خودکش جیکٹ کے ہمراہ گرفتار ماہِل بلوچ کا اعترافی بیان چلایا گیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کا تعلق بی ایل اے سے تھا، شوہر نے کہا تھا کہ ہم آزادی کے لئے لڑتے ہیں۔ شوہر نے مجھے کالعدم تنظیم میں کام کرنے کو کہا۔

ماہل بلوچ کا کہنا تھا کہ شربت خان نامی شخص نے مجھے خودکش جیکٹ دی اور کہا کہ اپنے پاس رکھو میں میسج کرتا ہوں۔ کہا جاتا ہے پولیس زیر حراست جنسی تشدد کیا جاتا ہے، یہ سب غلط ہے۔ مجھے دوران حراست نہ ہی ہراساں کیا گیا، نہ ہی غلط برتاؤ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پہاڑوں پر جانے والے عناصر کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں : وزیر اعلیٰ بلوچستان

ترجمان وزیراعلی بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں نوجوانوں کا ذہنوں کو تبدیل کر رہی ہیں۔ سی ٹی ڈی کو اطلاعات ملی تھی کچھ عناصر نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں۔ 17 فروری کو ماہِل بلوچ کو خودکش جیکٹ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یوسف بلوچ نامی شخص ورغلایا۔ یوسف بلوچ ماہِل اور ڈاکٹر اللہ نذر کا رشتہ دار ہے، جو اس کی نند کا شوہر ہے۔ ماہل بلوچ کی نند پری گل فنڈ اکٹھے کرتی ہے۔ ماہل بلوچ کو بچوں کو مارنے کی دھمکی دے کر کالعدم تنظیم میں شامل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہل بلوچ کے ذریعے بلوچستان میں بہت بڑی دہشتگردی کی کارروائی ہونی تھی۔ ماہل خودکش جیکٹ کسی اور کو دینے جارہی تھی۔ ادارے مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ جب ماہل بلوچ کو پکڑا گیا تو کالعدم تنظیم نے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

ترجمان نے کہا کہ کالعدم تنظیم ہمارے بچوں کو ورغلا کر اور خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ نوجوانوں سے درخواست ہے کہ وہ اغیار کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔ ماما قدیر کا پردہ بھی فاش ہو گیا، وہ بھی لوگوں کو ورغلا کر استعمال کرتا ہے۔ وہ معصوم لوگوں سے روڈ بند کروا دیتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top