جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

شیخ رشید کی گرفتاری، توہین عدالت کی درخواست پر پولیس، اٹارنی جنرل سے جواب طلب

03 فروری, 2023 10:12

اسلام آباد : عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر پولیس، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی گرفتاری پر بھتیجے کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شیخ رشید کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ اور نعیم حیدر پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ کون سے آرڈر کی توہین ہوئی ہے؟ وکیل نے بتایا کہ اس وقت پولیس سمن کو چیلنج کیا تھا، آپ نے جس کو معطل کیا تھا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ اُس وقت ایف آئی آر نہیں ہوئی تھی۔ اُس آرڈر پر کس طرح توہین ہو گئی؟ اس عدالت نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے سے نہیں روکا تھا۔ اس عدالت نے پولیس طلبی کو معطل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان نااہلی کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ

وکیل نے کہا کہ اس وقت پولیس نے انکوائری شروع کر رکھی تھی، جس پر ایف آئی آر ہوئی۔ اسی انکوائری کی بنا پر پولیس نے سمن نوٹس جاری کیا ہوا تھا، جس کو عدالت نے معطل کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت نے ایف آئی آر کے اندراج سے نہیں روکا تھا، نہ آپ کی استدعا تھی۔ نوٹس کو معطل کیا تھا، اس کے تناظر میں کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو بتائیں۔

وکیل نے کہا کہ حکمنامے سے یہ تاثر گیا کہ معاملہ کورٹ میں ہے تو ادارے تحمل کا مظاہرہ کریں گے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کاش اتنا احترام ہوتا۔ یہاں تو ایک کیس میں ضمانت ہوتی ہے، تو باہر سے کسی دوسرے مقدمے میں اٹھا لیا جاتا ہے۔

عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر پولیس، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top