جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا، لیجنڈ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کرگئیں

06 فروری, 2022 14:06

ممبئی: موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا، عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کرگئیں ہیں۔

بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات آج شام ساڑھے چھ بجے ممبئی کے شیواجی پارک میں ادا کی جائیں گی۔

بھارتی حکومت نے لتا کے انتقال پر بھارت میں دو روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ لتا منگیشکر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جائے گا

28 ستمبر 1929 کو اندور میں پیدا ہونے والی مدھر آواز لیکن پکے سُروں والی لتا منگیشکر نے 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا۔

لتا منگیشکر نے ایک ہزار سے زیادہ فلموں میں مختلف گیتوں کے لیے اپنی آواز دی اور چھتیس سے زیادہ بھارتی اور غیر ملکی زبانوں میں پچاس ہزار سے زائد گیت گائے۔

لیجنڈ گلوکارہ کو ہندوستان میں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے، فن موسیقی میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والی لتا منگیشکر کا نام سن 1974 کی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا۔

انہوں نے اپنے عہد کے بڑے ناموں محمد رفیع، کشور کمار اور دیگر کے ساتھ ان کے گائے ڈویٹس آج بھی ہٹ شمار کیے جاتے ہیں، سروں کی ملکہ نور جہاں کو آئیڈیل ماننے والی اس گلوکارہ نے موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مہدی حسن اور شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ بھی پرفارمنسز دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متاثر لتا منگیشکر نمونیا کا شکار بھی ہوگئیں

کئی دہائیوں تک سر سنگیت کی نگری پر راج کرنے والی اس عظیم گلوکارہ نے اپنا آخری البم 2004 میں ریکارڈ کرایا، جبکہ 30 مارچ 2021 کو 20 برس قبل گایا گیا گانا ریلیز کیا گیا جو ان کے کیریئر کا آخری گیت تھا۔

ان کی وفات سے موسیقی کی دنیا میں جو خلا پیدا ہوا وہ شاید کبھی پر نہ ہو سکے۔ لتا منگیشکر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل لتا منگیشکر کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں تھیں اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں وہ نمونیا کا بھی شکار ہوگئی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top