جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکہ کے شام میں ڈرون حملے کے جواب میں فضائی حملے

24 مارچ, 2023 15:31

امریکی زیر قیادت اتحادی فوج کے اڈے پر ڈرون حملے کے جواب میں امریکہ کے شام میں کئی اہداف پر فضائی حملے کئے ہیں۔

پینٹاگون نے کہا ہے کہ شام میں حساکیہ کے قریب امریکی زیر قیادت اتحاد کے ایک اڈے پر ڈرون حملے کے جواب میں مشرقی شام میں ایران سے منسلک گروپوں کے خلاف متعدد فضائی حملے کیے گئے۔

امریکی انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والا ڈرون اصل میں ایرانی تھا۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ حملوں میں مشرقی شام میں ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور سے وابستہ گروپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فضائی حملے آج کے حملے کے ساتھ ساتھ شام میں اتحادی افواج کے خلاف گروپوں کے حالیہ حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن سے جوابی حملوں کی اجازت لی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی جنگی بیڑہ بحیرہ جنوبی چین کے پانیوں میں داخل، امریکہ کی تردید

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور ہمیشہ اپنی پسند کے وقت اور جگہ پر جواب دیں گے۔ کوئی بھی گروہ ہمارے فوجیوں کو نہیں مار سکتا۔

برطانوی تنظیم کا کہنا ہے کہ مشرقی شہر دیر الزور میں امریکی حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ چھ جنگجو مارے گئے۔ مایادین قصبے کے قریب ایک پوسٹ پر امریکی حملے میں دو دیگر جنگجو ہلاک ہوگئے۔ عراق کی سرحد کے ساتھ واقع بوکمال قصبے کے قریب ایک فوجی چوکی پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے فوری طور پر کسی امریکی حملے کا اعتراف نہیں کیا، جبکہ اقوام متحدہ میں شام کے مشن اور ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اڈے پر ہونے والے ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک، دوسرا زخمی اور پانچ امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top