جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

چین کی تائیوان کے آس پاس فضائی اور بحری مشقیں جاری

08 اگست, 2022 12:32

بیجنگ : چین کا امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان پر غصہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، آج بھی تائیوان کے آس پاس فضائی اور بحری مشقیں جاری ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے جواب میں شروع کی گئیں چینی فوج کی مشقیں آج کے دن بھی جاری ہیں۔ عام طور پر تاثر تھا کہ چین اپنی یہ مشقیں اتوار کے روز ختم کردے گا۔

چار روز کے دوران چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ ایئر فورس سے منسلک متعدد قسم کے جنگی طیاروں نے جزیرے پر حملہ کرنے کی مشقیں کیں، جن کا فوکس مشترکہ زمینی حملے اور طویل فاصلے تک مار کرنے پر تھا۔

پی ایل اے نے اتوار کو منصوبے کے تحت آگے بڑھتے ہوئے تائیوان کے ارد گرد سمندری اور فضائی حدود میں حقیقت پسندانہ جنگی منظر نامے کی مشترکہ مشقیں جاری رکھی اور آبنائے تائیوان میں جزیرے پر قبضہ کرنے کی مشقیں اور بمبار ڈیٹرنس پروازوں کی مشق کی، جو حقیقی آپریشن کی ایک مشق ہے۔

گزشتہ چار دنوں میں چینی فوج نے سینکڑوں طیارے، ڈرون اڑائے اور مختلف رینج والے میزائل فائر کیے، جنہیں تائیوان نے نقلی حملے قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی مدد کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں : پابندیاں غیر ذمہ دارانہ قرار، چین اشتعال انگیز مشقیں ختم کر کے تناؤ کم کر سکتا ہے : امریکہ

تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمہوری تائیوان کی حمایت کرے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کو روکے۔ ہماری حکومت اور فوج چین کی فوجی مشقوں اور معلوماتی جنگی کارروائیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم ضرورت کے مطابق جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ اور جاپانی وزیر خارجہ حیاشی یوشیماسا نے کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں 55 ویں آسیان وزرائے خارجہ کی ملاقات کے موقع پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں چین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی فوجی مشقیں فوری طور پر روک دے۔

آج جاری کیئے گئے بیان میں چین کی فوج کا کہنا ہے کہ وہ پیر کو بھی تائیوان کے آس پاس فضائی اور بحری مشقیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ آبدوز مخالف حملوں اور سمندری چھاپوں کی مشق کی جارہی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top