جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

انیس سو اکہتر کے بعد آج پاکستان کا سب سے بڑا بحران ہے : اسد عمر

07 اپریل, 2023 13:17

لاہور : پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ عمران خان جب گیا تو مہنگائی کی شرح بارہ فیصد تھی، جو آج پنتالیس فیصد ہے، آج جیسی مشکلات پاکستان نے انیس سو اکہتر کے بعد دیکھی ہی نہیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک اور دن ایک اور جھوٹے مقدمہ میں پیشی ہوئی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ماروائے آئین ملک بننے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل اسمبلی میں کھڑے ہو کر آئین کے منافی تقاریر ہوئیں۔ یہ کہتے ہیں کہ اقلیتی فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔ کل جو پارلیمان کی چھوٹی اقلیتوں نے فیصلہ دیا، تین سو بیالیس لوگوں کے ہاوس میں ٹوٹل بیالیس بندے نہیں تھے۔ پارلیمنٹ کی قرارداد حیثیت ردی کی ٹوکری کے سوا کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، انہوں نے دو ٹوک کہا کہ ہم عدلیہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کریں گے۔ پاکستان جلد الیکشن کی طرف جائے گا۔ پاکستان میں آئین کی حکمرانی برقرار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ یہ پہلے صرف عمران خان سے ڈرتے تھے اب پاکستانی عوام سے بھی ڈرتے ہیں۔ یہ حق پاکستان کی عوام سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی قیاس آرائی کی ضرورت نہیں۔ عمران خان نے ساڑے تین سال سے زیادہ پاکستان کی معیشت چلائی۔ پاکستان کی صنعتوں میں بارہ فیصد سے زیادہ ترقی ہو رہی تھی۔ کسان کو تاریخ میں سب سے زیادہ فصلوں کا پیسہ ملا۔ آئی ٹی میں ایک سو چوالیس فیصد اضافہ ہوا۔ عمران خان جب گیا تو مہنگائی کی شرح بارہ فیصد تھی، جو آج پنتالیس فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہت بڑی طاقت یہ ہے کہ ادارے مضبوط ہوں اور اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے سب کام کریں۔ جیسی آج مشکلات پیدا ہوئیں، پاکستان نے اتنا بڑا کرائسز انیس سو اکہتر کے بعد دیکھا ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدی کا سب سے بڑا کرائسز کورونا کے دوران عمران خان نے دیکھا، اس میں کیسے ملک کا دفاع کیا، یہ سب کے سامنے ہے۔ عمران خان اپنی ذات اور جائیدادوں کے لیئے کچھ نہیں مانگتے۔ عمران خان نے دوبارہ وزیر اعظم بننا ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ جب عمران خان دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے تو تمام ادارے مل کر پاکستان کی بہتری کے لیئے کام کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top