منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

14 اپریل, 2024 11:01

اسرائیل پر ایران کے بے مثال ڈرون اور میزائل حملے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔

مالٹا کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

اس وقت مالٹا اس ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:

ایران کا اسرائیل کو منہ توڑ جواب، 300 ڈرون اور میزائل سے حملہ کردیا

سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے ایران کے فضائی حملے کو اسرائیل کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اسرائیلی سفیر گیلاڈ ایردان نے لکھا کہ آج ایران نے اپنی حدود کے اندر سے 200 سے زائد ڈرونز، کروز میزائلوں اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر براہ راست حملہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ ایک خطرناک اور شدید اضافہ تھا۔

سفیر ایردان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ ان سنگین خلاف ورزیوں پر ایران کی مذمت کرے اور پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایران نے اتوار کی علی الصبح اسرائیل پر 200 سے زائد ڈرونز اور میزائلوں سے فضائی حملہ کیا تھا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ‘ٹرو پرومیس’ آپریشن کے تحت کی گئی ہے اور یہ اقدام ‘اسرائیلی جرائم’ کی سزا کا حصہ ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کی علی الصبح یروشلم کے اوپر آسمان پر کئی مقامات پر سائرن بجنے لگے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایران کے آلہ کاروں اور اتحادیوں نے اسرائیلی ٹھکانوں پر مربوط حملے کیے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ڈرونز کو اپنی فضائی حدود تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔

یہ حملہ شام میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیل کے حملے کے تقریبا دو ہفتے بعد ہوا ہے جس میں پاسداران انقلاب کے سات ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے شام میں ایرانی قونصل خانے کو نشانہ بنانے کے صیہونی ادارے کے جرم کے جواب میں ڈرون اور میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک آپریشن شروع کیا ہے۔

یہ آپریشن درجنوں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مقبوضہ علاقوں میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top