مقبول خبریں
ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی
امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر ممکنہ قاتلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے مشتبہ شخص ریان ویزلی روتھ پولیس کی حراست میں ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گالف کورس میں جب سابق صدر کھیل میں مصروف تھے تو ایک مسلح شخص کو ان کی جانب بندوق تا نتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس دوران ایف بی آئی کے اہلکاروں نے مشتبہ حملہ آور پر فائرنگ کر دی جس کے بعد وہ فرار ہوگیا تاہم کچھ ہی دور جانے پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ٹرمپ پر حملے کی کوشش کرنے والے شخص کون ہے:
قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت ہوائی ریاست کے 58 سالہ رائن ویزلی روتھ کے طور پر ہوئی ہے، جس کے ایکس، فیس بک اور لنکڈ ان پر رائن روتھ کے نام سے اکاؤنٹس موجود ہیں، تاہم فیس بک اور ایکس پروفائلز تک عوامی رسائی کو فائرنگ کے چند گھنٹے بعد ہٹا دیا گیا۔
روتھ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کے پرجوش حامی تھے اور کئی پوسٹوں میں یوکرین کے لیے فوجیوں کو بھرتی کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔
البتہ امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے رائن روتھ کے بیٹے نے انہیں ’ایک محبت کرنے والا اور خیال رکھنے والا باپ‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ تشدد کو پسند نہیں کرتے تھے۔‘
امریکی میڈیا کے مطابق رائن روتھ کو کوئی فوجی تجربہ نہیں تھا انہوں نے 2023 میں نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ وہ 2022 میں روس کے حملے کے فوراً بعد یوکرین گئے تھے تاکہ طالبان سے فرار ہونے والے افغان فوجیوں کو (روس کے خلاف) لڑنے کے لیے بھرتی کیا جا سکے۔