جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

یوکرین میں بمباری، 14 مزید افراد ہلاک، روس نے بائیڈن کے بیان کو ناقابل معافی قرار دے دیا

17 مارچ, 2022 15:26

یوکرین کے مختلف شہروں میں روسی کارروائیوں کی نتیجے میں کم از کم 14 مزید افراد ہلاک ہوگئے، ادھر روس کا کہنا ہے کہ بائیڈن کے تبصروں کو ناقابل معافی بیان بازی قرار دے دیا ہے۔

روس کی جانب سے دارالحکومت کیف پر گولہ باری جاری ہے، جس میں صدارتی محل سے ڈھائی کلومیٹر دور علاقہ بھی شامل ہے۔ شہر میں کرفیو نافذ ہے، جبکہ شہریوں نے محفوظ تصور کی جانے والی جگہوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

دارالحکومت کیف میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت پر لگنے والے میزائل کی باقیات کی زد میں آنے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

چرنی ہیو میں، روٹی کے لیے قطار میں کھڑے 13 افراد مبینہ طور پر روسی گولہ باری سے ہلاک ہو گئے۔

ماریوپول میں روسی فضائی حملے نے ایک تھیٹر کو تباہ کر دیا، جہاں سیکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔ یوکرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ملبے میں بہت سے لوگ دبے ہوئے ہیں، تاہم ہلاکتوں کی تعداد واضح نہیں ہے۔ روس نے حملے کی تردید کی ہے۔

مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرائنی دارالحکومت پر ماسکو کی زمینی پیش قدمی بڑی حد تک تعطل کا شکار دکھائی دیتی ہے، مگر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ آپریشن "پہلے سے منظور شدہ منصوبوں کے مطابق، کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے مغربی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب ہمیں دبانے، دباؤ ڈالنے، ایک کمزور، منحصر ملک میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تائیوان، یوکرین نہیں، امید ہے امریکہ علیحدگی کی حمایت نہیں کرے گا : چین

یوکرین کے صدر ولادمیر زیلینسکی نے روس پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر تھیٹر کو نشانہ بنا رہا ہے۔ روس نے اس پر بمباری کی تردید کی ہے۔ زیلنسکی نے امریکی کانگریس سے ایک ورچوئل خطاب میں بات کی، جس میں انہوں نے مزید مغربی حمایت کا مطالبہ کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو ’جنگی مجرم‘ کہنے کے بعد سفارتی محاذ پر امریکا اور روس کے تعلقات مزید تنزلی کا شکار ہوگئے۔ کریملن نے بائیڈن کے تبصروں کو ناقابل قبول اور ناقابل معافی بیان بازی کا نام دیا ہے۔

امریکہ نے یوکرین کو مزید ایک بلین کے ہتھیار دینے کا وعدہ کیا ہے، جس میں ٹیکٹیکل ڈرون، راکٹ اور گرینیڈ لانچرز، رائفلیں، مشین گنیں، باڈی آرمر اور گولہ بارود شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ روسی بمباری نے یوکرین کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے- اسپتالوں اور صحت کی سہولیات کی تباہی، طبی سامان تک بہت محدود رسائی اور  یوکرین کے کئی شہروں کو خوراک اور پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ محصور شہر ماریوپول سے 300 کے قریب پناہ گزین روس پہنچ گئے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top