جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

دکھی انسانیت کے خدمت گار عبدالستار ایدھی کی آج چھٹی برسی ہے

08 جولائی, 2022 10:37

کراچی : دکھی انسانیت کی خدمت کے علمبردار نے اپنی بے لوث اور بے مثال انسانی خدمات سے مملکت خداداد پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ آج قوم عبدالستار ایدھی کی چھٹی برسی منا رہی ہے۔

اوروں کے کام آنے کو اپنی زندگی کا مقصد بنانے والے عبدالستار ایدھی یکم جنوری، 1928ء میں بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔

1947ء میں تقسیم ہند کے بعد ہجرت کر کے کراچی آئے اور اپنی جمع پونجی سے ایک چھوٹی سی ڈسپنسری کھول کر انسانی خدمت کے کام کا آغاز کیا۔

1957ء میں کراچی میں بہت بڑے پیمانے پر فلو کی وباء پھیلی تو انہوں نے شہر کے نواح میں خیمے لگوائے اور مفت مدافعتی ادویات فراہم کیں، یہاں سے انسانی خدمات کا بھرپور آغاز ہوا۔

ایک ایمبولینس سے ایدھی فاؤنڈیشن کی ابتداء ہوئی، جسے عبدالستار ایدھی نے آج 600 سے زیادہ ایمبولینسز تک پہنچا دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں پیش آنے والے حادثات میں امدادی عمل میں ایدھی فاؤنڈیشن کی رفتار اور خدمات سرکاری خدمات سے کہیں زیادہ تیز اور بہتر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی : بارشوں کے باعث ندیوں طغیانی، پانی کے تیز بہاؤ میں چار افراد ڈوب کر جاں بحق

عبدالستار ایدھی نے اسپتال اور ایمبولینس کے علاوہ کلینک، میٹرنٹی ہومز، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول کھولے، جو آج بھی اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عبدالستار ایدھی ملک میں فضائی ایمبولینس سروس کے بھی بانی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے افغانستان، عراق، چیچنیا، بوسنیا، سوڈان، ایتھوپیا میں جنگ اور قحط سے متاثرہ افراد کیلئے اور سونامی سے متاثرہ ممالک میں بھی امدادی خدمات انجام دیں۔

خادمِ انسانیت عبدالستار ایدھی اپنی لازوال خدمات کے بعد 8 جولائی 2016ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ دکھی انسانیت سے ان کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی آنکھیں بھی بعد از مرگ عطیہ کردی تھیں۔

قوم آج اس عظیم انسان کی چھٹی برسی پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top