جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

نیتن یاہو کے قریبی لوگوں کے موبائل پر ’اسپائی ویئر‘ کے استعمال کا انکشاف

07 فروری, 2022 19:16

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مبینہ طور پر سابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے بیٹے اور ان کے قریبی حلقے میں شامل افراد کے فون پر جاسوسی کے لیے اسپائی ویئر کا استعمال کیا۔

خبر رساں ادارے اے پیکے مطابق اسرائیلی اخبار کیلکالسٹ نے تازہ رپورٹس کا ایک سلسلہ شائع کیا ہے جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین اور دیگر اسرائیلی شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کے لیے جدید ترین اسپائی ویئر سافٹ ویئر کا استعمال کیا۔

سیاسی حلقوں کی جانب سے اس کی شدید مذمت کی جارہی ہے جبکہ معاملے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرنے والوں میں پولیس کمشنر بھی شامل ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روس جعلی پروپیگنڈہ ویڈیو بنا کر یوکرین پر حملہ کردے گا : امریکہ
حال ہی میں اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ نیتن یاہو کے کرپشن کے مقدمے میں ایک اہم گواہ کے خلاف اسپائی ویئر کا استعمال کیا گیا۔

کیلکالسٹ کا کہنا ہے کہ یہ اسپائی ویئر ان کے بیٹے اونر، ان کے 2 کمیونیکیشن ایڈوائزر اور کیس میں ایک اور مدعا علیہ کی بیوی کے خلاف بھی استعمال کیا گیا۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان لوگوں میں کئی اہم شخصیات بھی شامل ہیں جنہیں اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، ان میں کاروباری رہنما، کابینہ کی وزارتوں کے سابق ڈائریکٹرز، میئرز اور احتجاج کے منتظمین بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ نے اس معاملے کی تفصیلی اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی جمہوریت نہیں کھونی چاہیے، ہمیں اپنی پولیس کو نہیں کھونا چاہیے اور یقینی طور پر ہمیں ان پر اپنا عوامی اعتماد بھی نہیں کھونا چاہیے۔

نیتن یاہو اس وقت دھوکہ دہی، اعتماد کو توڑنے اور رشوت لینے کے الزامات پر 3 مقدمات کی زد میں ہیں۔

ان کی تاریخی 12 سالہ حکمرانی کا خاتمہ گزشتہ سال جون میں اس وقت ہوا جب 2 سال سے بھی کم عرصے میں الیکشنز کے 4 سخت معرکوں کے بعد ایک مخلوط حکومت نے حلف اٹھایا۔

نیتن یاہو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر طویل عرصے سے انہیں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور ان کے وکلا نے اس پر جواب طلب کیا ہے۔ نیتن یاہو کے سیاسی مخالفین نے بھی اس معاملے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

شلومو فلبر نامی جس گواہ کا فون مبینہ طور پر ہیک کیا گیا تھا اس کی آنے والے دنوں میں گواہی دینے کی توقع ہے، امید کی جارہی ہے کہ نیتن یاہو کے وکلا اس کی گواہی میں تاخیر کی درخواست کریں گے۔

یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ مبینہ طور پر جمع کیے گئے کسی بھی ثبوت کو نیتن یاہو کے خلاف استعمال کیا گیا یا نہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top