جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عدالت کا لاہور کے ماسٹر پلان کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے کا حکم

06 اپریل, 2023 13:11

لاہور : عدالت نے ماسٹر پلان 2050 پر عملدرآمد روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے  لاہور کے ماسٹر پلان کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کو کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری میاں عبد الرحمان کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم اس کی اجازت کے لئے ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی موجود نہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گورننگ باڈی کیوں موجود نہیں ہے؟ وکیل ایل ڈی اے نے بتایا کہ ایم پی ایز کی عدم موجودگی کی وجہ سے گورننگ باڈی مکمل نہیں ہوسکتی۔ دو ماہ سے اسی بناء پر ایل ڈی اے کے امور رکے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی کا ماسٹر پلان تیار کرنے کا اصولی فیصلہ

عدالت نے کہا کہ نگراں حکومت کا تو بظاہر جانے کا کوئی پلان ہی دکھائی نہیں دے رہا۔ ماسٹر پلان کی نظرثانی کے لئے بین الاقوامی اور مقامی کنسلٹنٹ ہائر کرنے کا اشتہار دیا جائے۔ بہترین شہربنانے کے لئے کسی کا کوئی بھی مفاد نہیں ہونا چاہئیے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت ماسٹر پلان کے خلاف نہیں ہے، صرف ماحولیات کی بہتری کے اقدامات چاہتی ہے۔ ان کا ماسٹر پلان یہ ہے صرف تین دن کی بارش نے کھڑی فصلیں تباہ کردیں۔ نیا بننے والا ماسٹر پلان موسمی تبدیلیوں اور دیگر حقائق کو دیکھتے ہوئے مرتب ہونا چاہئیے۔

عدالت نے کہا کہ فی الحال یہ سمجھا جائے کہ کوئی ماسٹر پلان موجود نہیں ہے۔ عدالت نے ایل ڈی اے کو سال 2016 کے ماسٹر پلان کے مطابق کام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ماسٹر پلان 2050 پر عملدرآمد روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کر دی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top