جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

فوج کے غیر سیاسی ہونے کے خلاف لانگ مارچ دنیا کا انوکھا احتجاج ہے : مولا بخش چانڈیو

28 اکتوبر, 2022 14:41

حیدر آباد : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء کا کہنا ہے کہ شخصی آمریت کیلئے آرمی چیف کو تاحیات توسیع دینے کی لالچ دیتے رہے، لانگ مارچ دنیا کا انوکھا احتجاج ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے جاری بیان میں کہا کہ عمران خان فوج پر آئینی شکنی کیلئے دباؤ ڈالنے کیلئے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ کل کی دو پریس کانفرنسوں نے ان کی پوری سازش سے پردہ اٹھا لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک پریس کانفرنس میں عمران خان کی سازش بے نقاب ہوئی۔ پی ٹی آئی قائدین کی پریس کانفرنس میں سازشوں کا اعتراف کیا گیا۔ عمران خان کا مقصد آئین توڑ کر شخصی آمریت قائم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہم آہنگی اور مشترکہ عمل ناگزیر ہے: آرمی چیف

ان کا کہنا تھا کہ وہ شخصی آمریت کیلئے آرمی چیف کو تاحیات توسیع دینے کی لالچ دیتے رہے۔ پی ٹی آئی قائدین نے ان الزامات کو تسلیم بھی کر لیا۔ فوج کے غیر سیاسی ہونے کے خلاف لانگ مارچ دنیا کا انوکھا احتجاج ہے۔

پیپلز پارٹی سینیٹر نے کہا کہ توشہ خانہ سے فارن فنڈنگ کے بعد اب آئین کے ساتھ فراڈ بھی پکڑا جا چکا ہے۔ قوم عمران خان کا منفی چہرہ پہچان چکی ہے، ان کو ناکامی ہوگی۔ تحریک انصاف کے ذمہ دار اور سمجھدار رہنما و کارکن عمران کو جلد چھوڑ جائیں گے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ کوئی بھی باشعور پاکستانی فساد برپا کرنے کی سازش کا ساتھ نہیں دے سکتا ہے۔ لانگ مارچ عمران خان کی ناکامی اور سیاست کے خاتمے پر مہر ثبت کرے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top