جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانا ہوگی: وزیراعظم

04 جولائی, 2023 14:43

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مذہبی بنیاد پر نفرت کو فروغ دینے سے روکنا ہوگا، پاکستان ایس سی او کے عزم کا بھرپور اعادہ کرتا ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانا ہوگی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے ورچوئل اجلاس سے وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس سی او کی چیئرمین شپ ملنے پر قازقستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایرانی صدر کو ایس سی او ممبر بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، ایران کو ایس سی او فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایران کو ایس سی او فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں، بیلا روس کی شمولیت پر بھی مبارکباد دیتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ترقی ، خوشحالی اور امن کےلیے کوشاں ہے، معاشی روابط بڑھانے سے خطے میں ترقی اور امن کو فروغ ملے گا، پاکستان یورپ اور ایشیا کو منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، سی پیک میں شامل بندرگاہیں خطے کو ملانے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں ہونیوالی ہر دہشت گردی قابل مذمت ہے، ریاستی دہشت گردی کی بھرپور مذمت ہونی چاہیے، ریاستی دہشت گردی کی کہیں بھی کوئی گنجائش نہیں ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، مذہبی انتہا پسندی، اقلیتوں کیساتھ ناروا سلوک کیخلاف اقدامات کرنا ہونگے، خطے میں سیکیورٹی اور امن تمام ایس سی او ممبر کا مشترکہ معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے جولائی میں پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر کی ہوگی: وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے مدد فراہم کرنا ہوگی، عالمی برادری کو افغانستان میں بحران حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، طالبان حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہ ہو، ایس سی او کنٹیکٹ گروہ کو افغان عوام کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو ملکر اقدامات کرنا ہونگے، موسمیاتی تبدیلی اہم مسئلہ ہے، پاکستان کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، کورونا کے بعد دنیا بھر میں سپلائی چین اور مہنگائی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی بنیاد پر نفرت کو فروغ دینے سے روکنا ہوگا، پاکستان ایس سی او کے عزم کا بھرپور اعادہ کرتا ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانا ہوگی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top