جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حکومت عدلیہ پر دباؤ ڈال رہی ہے، فیصلہ نہ مانا تو قوم سڑکوں پر ہوگی : شیخ رشید

01 اپریل, 2023 12:43

اسلام آباد : امید ہے اس ہفتے میں عدلیہ کا فیصلہ آجائے گا، ملک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے، حکومت عدلیہ پر ہر طرف سے دباؤ ڈال رہی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سماجی میڈیا پر جاری تفصیلی بیان میں کہا کہ لندن میں بیٹھا ایک مفرور اور عدالتی بھگوڑا لندن سے عدلیہ پر حملہ آور ہو رہا ہے اور سیسلین مافیا کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے اس ہفتے میں عدلیہ کا آئینی اور قانونی تاریخی فیصلہ آجائے گا۔ رانا ثناء اللہ کے فرمودات کھلم کھلا اعلان جنگ اور عوام دشمنی کے مترادف ہیں۔ جو سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ کرے گا تو ساری قوم سڑکوں پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : فیصلہ تسلیم نہ کرنا عدلیہ پر حملے کے مترادف ہوگا : شاہ محمود قریشی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے بیانات بتاتے ہیں کہ وہ آئین اور قانون کا فیصلہ ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں، تو پھر عوام کے الیکشن کے مقابلے کے لیے تیار رہیں۔ الیکشن ہی ملک کو افراتفری اور خون خرابے سے بچا سکتا ہے۔

سابق وزیر نے کہا کہ حکومت عدلیہ پر ہر طرف سے دباؤ ڈال رہی ہے۔ عدلیہ وہی کرے گی، جو آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔ پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات بل آئین سے متصادم ہے۔ بھوک سے مارے لوگ راشن کے لیے جانیں دے رہے ہیں۔ وزیر خزانہ کے بیانات نااہلی کا اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 10 دن کے لیے رینجرز کا لگانا حکومت کی نیتوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ملک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے، آنے والا ہفتہ اہم ترین ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top