مقبول خبریں
امریکی ٹک ٹاکر نے فلسطینیوں کے ایمان سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا
غزہ پر اسرائیلی حملے ٹک ٹاک اسٹار کے اسلام قبول کرنے کی وجہ بنا، میگن رائس نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطینیوں کے مضبوط ایمان سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا ہے ۔
اسرائیل کی جانب سے سات اکتوبر کو غزہ پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں نوجوان امریکی خواتین ناصرف اسلام قبول کر رہی ہیں بلکہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پیغامات کی صورت میں اپنے مذہب کی تبدیلی کا اعلان بھی کر رہی ہیں۔
ٹک ٹاکر نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے،سوشل میڈیا پر میگن رائس کے اسلام قبول کرنے کی خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے ایک اور حالیہ ویڈیو میں ایسے سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا نشانہ بنایا جو اُنہیں اسلام قبول کرنے کے فیصلے کے بارے میں ہوشیار رہنے کا کہہ رہے ہیں۔
امریکی ٹک ٹاکر نے ویڈیو میں ان تمام صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میرے ورلڈ ریلیجن بک کلب کا مقصد ہر کسی کو اسلام کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے بارے میں بھی آگاہ کرنا تھا اور میں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب میں نے اس مذہب کی تعلیمات کو اپنے ذاتی عقائد کے مطابق پایا۔
میگن رائس نے اپنے بالوں کو ڈھانپنا شروع کر دیا ہے اور کہتی ہیں کہ سات اکتوبر کی کارروائی اور غزہ پر اسرائیل کے جوابی حملوں کے بعد وہ فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں بھی شریک ہوئی تھیں۔
اب وہ ویڈیوز میں حجاب کرتی ہیں اور اپنی ویڈیوز پر آنے والے مثبت و منفی تبصروں کا جواب دیتی ہیں،تاہم میگن رائس نے حال ہی میں قرآن کا ایک نسخہ بھی خریدا ہے۔
یہ پڑھیں : نکاراگوا کی شینس پالاسیوس کے سر پر سجا مس یونیورس 2023 کا تاج