جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا : محسن نقوی

14 مئی, 2023 15:18

لاہور: محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ہم کسی ایک بندے کو بھی غلط نہیں پکڑیں گے، اب اگر کوئی سرکاری عمارت میں گھسا تو پولیس قانون کے مطابق کارروائی کریگی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 108 گاڑیاں جلائی گئیں، کور کمانڈر ہاؤس سمیت 23 عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس کی گاڑیاں، 12 بس، موٹرسائیکلیں، 6 واسا گاڑیاں جلائی گئیں، ریسکیو 1122 کی 8 گاڑیاں جلائی گئیں، شوروم میں بھی ایک گاڑی جلائی، فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 34 کے قریب افراد جناح ہاؤس کے باہر حملے میں ملوث تھے، 9 مئی کو سیف سٹی کیمروں کو توڑا اور جلایا گیا، جناح ہاؤس پر مجموعی طور پر 3 ہزار 800 لوگوں نے حملہ کیا، لاہور میں 2 میٹرو اسٹیشن کو جلایا گیا، گوجرانوالہ میں آرمی چیک پوسٹ، پرائیویٹ عمارت کو جلایا گیا، ملتان میں بسیں، پولیس کی کوسٹر کو نذر آتش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے میں ملوث مزید 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ میانوالی میں عام لوگ نہیں تھے، اکثریت کے پاس اسلحہ تھا، میانوالی بیس پر حملہ کرنے والے شرپسند جہازوں کو جلانا چاہتے تھے، واقعات میں ملوث ملزمان سے کوئی رعایت نہیں کی جائیگی، اب اگر کوئی سرکاری عمارت میں گھسا تو پولیس قانون کے مطابق کارروائی کریگی، اب تک 600 کروڑ سے زائد کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا، سرکاری املاک پر حملوں کی منصوبہ بندی پہلے سے تھی۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت جاری ہے، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ہم کسی ایک بندے کو بھی غلط نہیں پکڑیں گے، ثبوت کے ساتھ سزا دیں گے، یہ وہ اہداف تھے جنہیں کالعدم تحرک طالبان نشانہ بنانا چاہتی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top