جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پی ٹی آئی جتھوں کی دہشتگردی برداشت نہیں، 72 گھنٹوں میں حملہ آور گرفتار ہونے چاہئیں : وزیر اعظم

13 مئی, 2023 15:44

لاہور : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کو بدترین نقصان پہنچایا گیا، ایسی منصوبہ بندی کرنے کا کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔ دہشتگردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر میں گفتگو میں کہا کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین اور دلخراش واقعہ ہوا۔ پاک فوج کے جوانوں کی تیمارداری کیلئے آیا ہوں۔ آرمی و پولیس کے زخمی افسران کی تیمار داری کی۔

انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو جتھوں نے نشانہ بنایا۔ جو کام دشمن 75 سال میں نہ کرسکا وہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے کردیا۔ جناح ہاؤس کی تاریخی عمارت کو پی ٹی آئی کے جتھوں نے نذرآتش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کرکے سرکاری املاک کو بدترین نقصان پہنچایا گیا۔ اس طرح کی دہشتگردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ جتھا دہشتگردوں اور ملک دشمن سے کم نہیں۔ ایسی منصوبہ بندی کرنے کا کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔

یہ بھی پڑھیں :

وزیر اعظم نے کہا کہ جو بھی اس منصوبہ بندی میں شامل ہے، اسے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ بدترین حرکت میں حصہ لینے والوں کو جو سزائیں ہیں، وہ ضرور ملیں گی۔ مسلح افواج ہمہ وقت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن کی حفاظت کرتی ہے۔ وطن کی خاطر 80 ہزار پاکستانیوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جتھے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ اپنے وطن میں اپنوں نے اپنی ہی املاک کو اپنے ہاتھوں سے نذر آتش کیا۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگلے 72 گھنٹوں میں حملہ آور گرفتار ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے خانہ پوری کرنے کی کوشش کی تو وہ ناقابل برداشت ہوگی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو بڑھایا جائے۔ سیف سٹی کی مدد سے تمام لوگوں کی شناخت آسانی سے ہوسکتی تھی۔ اشتعال انگیزی اور آگ بھڑکانے والوں کوچن چن کر گرفتار کیا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top