جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

چلی کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی، 51 افراد ہلاک

04 فروری, 2024 14:02

چلی کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 51 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک چلی کے جنگلات میں آتشزدگی کے بعد ملک کے جنوبی اور وسطی حصوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیزی سے پھیلتی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگلات کے قریب رہائشی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، فائر فائٹر ہیلی کاپٹرز گھنٹوں سے آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں تاہم آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔

چلی کے صدر گیبرل بورک نے ٹیلی ویژن پر خطاب کے دوران موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چند گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد 51 سے تجاوز کر سکتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چلی کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں کل 92 مقامات پر لگی آگ کے نتیجے میں ایک لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی جل کر خاک ہوچکی ہے۔

پولیس نے ایک شخص کو آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ ویلڈنگ کر رہا تھا جس کے باعث آگ لگی اور پھیلتے پھیلتے قریبی جنگلات تک جا پہنچی جبکہ چند رپورٹس میں گرمی کی شدت میں 40 سینٹی گریڈ تک اضافے کو بھی جنگلات میں آگ کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آگ کے نتیجے میں اب تک ہزار سے زائد مکانات اور لاتعداد گاڑیاں کل کر خاک ہو چکی ہیں جبکہ 372 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top