جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اسپیکر کا دورہ تائیوان : چین سے کشیدگی بڑھانے میں کوئی دلچسپی نہیں : امریکہ

02 اگست, 2022 10:14

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ تشویش ہے کہ بیجنگ پیلوسی کے دورہ تائیوان کو اشتعال انگیز اقدامات کے بہانے کے طور پر استعمال کر سکتا ہے، ہمیں کشیدگی بڑھانے میں دلچسپی نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے متوقع دورے پر چین کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس کا ردعمل نہیں دے گا، ہمیں بیجنگ کے ساتھ کشیدگی بڑھانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تائیوان کے دورے کا فیصلہ پیلوسی کا تھا، کانگریس کے ارکان نے کئی سالوں میں معمول کے مطابق تائیوان کا دورہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سادہ الفاظ میں، بیجنگ کے لیے کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ امریکی پالیسی کے مطابق ممکنہ دورے کو کسی قسم کے بحران میں بدل دے یا اسے تائیوان میں یا اس کے ارد گرد جارحانہ فوجی سرگرمیاں بڑھانے کے بہانے استعمال کرے۔

یہ بھی پڑھیں : آگ سے کھیلنے والے جل جائیں گے، چینی صدر کی جو بائیڈن کو دھمکی

کربی نے مزید کہا کہ انتظامیہ کے اہلکاروں کو تشویش ہے کہ بیجنگ اس دورے کو اشتعال انگیز جوابی اقدامات کرنے کے بہانے استعمال کر سکتا ہے، جس میں آبنائے تائیوان یا تائیوان کے ارد گرد میزائل داغنا، تائیوان کی فضائی حدود میں پروازیں کرنا اور آبنائے میں بڑے پیمانے پر بحری مشقیں کرنا شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ آنے والے دنوں میں اشتعال انگیز بیان بازی اور غلط معلومات کا استعمال جاری رکھے گا، اس کے برعکس، امریکہ شفافیت کے ساتھ کام کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اسپیکر نینسی پیلوسی تائیوان کا دورہ کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں اپنے فیصلے خود کریں گی۔ بحران یا کشیدگی میں اضافے کی ذمہ داری مکمل طور پر بیجنگ پر ہوگی۔

واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا علاقہ مانتا ہے اور امریکی اسپیکر کے دورہ تائیوان کی خبروں پر خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا سفر آگے بڑھا تو "سنگین نتائج” ہوں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top