جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کچھ قوتیں نہیں چاہتی پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے، بلاول بھٹو

01 فروری, 2024 16:58

سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول  بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قوتیں نہیں چاہتی پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے۔

بلوچستان کے شہر خضدار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کچھ قوتیں پاکستان پیپلز پارٹی کو نشانہ بنارہی ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق اور بلوچستان میں حکومت بنائے۔ انہیں معلوم ہے کہ اگر بلاول بھٹو وزیر اعظم اور جیالا بلوچستان کا وزیر اعلی بنتا ہے تو ان کی تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔

انہوں نےکہا کہ انہیں معلوم ہے لاپتہ افراد کا حل میں نکال سکتا ہوں، وہ جانتے ہیں پیپلز پارٹی بلوچوں کو حقوق دلوا سکتی ہے، قوتوں سے لڑنے کو تیار ہیں، عوام کے حقوق پر سودا نہیں کرسکتے، ہمارا سر کٹ تو سکتا ہے لیکن کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست نہیں کرتی،  ایک طرف معاشی بحران دوسری طرف دہشت گرد سر اٹھارہے ہیں، البتہ 17 وزارتیں بند کرکے سالانہ 300ارب روپے بلوچستان کے عوام پر لگاؤں گا اور میری حکومت بنی تو بینظیر مزدور کارد لاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیں: 

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے منشور، کھوکھلے وعدوں کے سنہری خواب

بلاول بھٹو کا حکومت میں آتے ہی پہلے دن سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان 

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ عوام کو بتائیں بلاول آئے گا تو چھوٹے کسانوں کی مدد کرے گا، بیروز گار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیے جائیں گے۔

جلسے سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا رخ رائے ونڈ کے وزیر اعظم نے تبدیل کرکے لاہور کی جانب موڑ دیا،  ہم 2024میں ہیں اور پوری دنیا ہمارا مذاق اڑاتی ہے،  بندوق کے زور پر مسئلے حل نہیں کرسکتے،  مگر پیپلز پارٹی پاکستان کے اندرونی و بیرونی مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top