جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ ہائیکورٹ کا پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹ ایکس مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم

22 فروری, 2024 15:58

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ایکس مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت عالیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اس حوالے سے پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے ٹیلی کمونیکیشن اتھارٹی کو ویب سائٹس، ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

چیف جسٹ سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ایکس بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس دوران وکیل درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ وزیرِ داخلہ نے بیان دیا ہے ایکس بند کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی گئی جب کہ نگراں وزیرِ آئی ٹی نے بیان دیا ہے انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔

وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ آئی ٹی ورچئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) لگا کر ایکس استعمال کر کے قوم کو بتا رہے ہیں کہ ایکس بند نہیں ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے سوال کیا کہ کون بند کرتا ہے کس نے حکم دیا ہے بند رکھنے کا؟ اس پر وکیل درخواستگزار نے جواب دیا کہ ایکس بند رکھنے، سروس کو سلو رکھنے کا اختیار صرف پی ٹی اے کے پاس ہے، پی ٹی اے سے پوچھا جائے کہ کس نے ایکس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی۔

وکیل نے عدالت میں کہا کہ صحافیوں اور جن کی روزی روٹی ایکس سے وابستہ ہے انہیں شدید مشکلات ہیں، ذرائع ابلاغ اور ریسرچ سے وابستہ لاکھوں افراد کو ایکس کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے، غزہ، فلسطین کو ایڈز فراہم کرنے والوں اور معلومات تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ کتنے دن سے ایکس سروس بند ہے؟ ہم نے پہلے بھی ایک درخواست میں انٹر نیٹ سروس کھولنے کا حکم دیا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ درخواست اس کیس سے مختلف ہے، جس دن سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے الیکشن میں دھاندلی سے متعلق بیان دیا اس دن سے ایکس بند ہے، کمشنر راولپنڈی کے اعتراف کے بعد لوگوں تنقید کر رہے تھے، 5 روز سے وہ لوگ پریشان ہیں جن کا روز گار ایکس سے وابستہ ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top