جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی: وزیر آئی ٹی

26 نومبر, 2022 15:30

اسلام آباد: امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی، پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد و شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گوگل ایپلی کیشن کی بندش سے متعلق خط ارسال کردیا۔

امین الحق نے خط میں لکھا کہ کچھ روز قبل تمام ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے وزارت آئی ٹی کو خط لکھا گیا تھا، خط میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے گوگل کو ادائیگی روکنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا، معاملے کی سنگینی پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو مراسلہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں صارفین یکم دسمبر سے گوگل پلے اسٹور کی سروسز سے محروم ہوجائیں گے

انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کرسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک کی جانب سے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی، بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے کا عمل پاکستان کی ساکھ متاثر کرسکتا ہے، پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد و شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کریں، ضروری ہے کہ مستقبل میں آئی ٹی وٹیلی کام کے حوالے سے فیصلوں میں وزارت کی مشاورت لازمی شامل کی جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top