جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بزرگ سیاستدان انتظامیہ کے زور پر نہیں اپنے منشور پر الیکشن نہ لڑیں: بلاول بھٹو

20 نومبر, 2023 17:22

نوشہرہ: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بزرگ سیاستدان انتظامیہ کے زور پر الیکشن نہ لڑے، 70،70 سال سے سیاست کرنے والے بزرگ اپنے منشور پر الیکشن لڑیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ پارٹی کے لیے کوڑے کھائے، محسوس ہورہا ہے خیبر پختونخواہ کے جیالے جاگ چکے ہیں، خیبرپختونخوا کے جیالے الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت سے مسائل اور مشکلات ہیں، ملک میں مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال بھی خراب ہے، دہشت گردوں کو بسانے کے نقصانات عوام اٹھارہے ہیں، عوام اور فوج کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے، دہشت گردی دوبارہ سر اٹھارہی ہے، افغانستان کی وجہ سے بھی مسائل پیدا ہورہے ہیں، کیا یہ وہ جمہوریت ہے جس کے لیے شہادتیں قبول کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے سیاستدان تھوڑا آرام کریں، مجھے وزیراعظم بننے کا موقع دیں: بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں، مسائل کے خاتمے کے لیے شفاف الیکشن کرانا ضروری ہے، تمام مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اگر انتخابات میں پہلے سے فیصلہ کرنا ہے تو پھر کوئی فائدہ نہیں، ہمارا مقابلہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اتنی تقسیم اور نفرت پہلے نہیں دیکھی، ایک وزیر اعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کردے گا، بزرگ سیاستدان انتظامیہ کے زور پر الیکشن نہ لڑے، 70،70 سال سے سیاست کرنے والے بزرگ اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، عوام جو بھی فیصلہ کریں سر آنکھوں پر، کسی اور کا فیصلہ ماننے کو تیار نہیں، میاں صاحب کہتے ہیں بڑے لوگ سرمایہ کاری کریں تو سوال نہ کریں، میں سمجھتا ہوں یہ غلط ہے، سوال ہونا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top