جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

روس کی یوکرین پر قبضے کی کوشش جاری، تابڑ توڑ حملے، مزید 21 افراد ہلاک

02 مارچ, 2022 20:38

روس کے یوکرین کے مختلف شہروں میں حملے جاری ہیں، کئی مقامات پر لڑائی کی اطلاعات ہیں، جبکہ تازہ حملوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یوکرین کا دارالحکومت ماسکو کا اہم جنگی آپریشن بنا ہوا ہے۔ روس شہر کے مغرب اور مشرق سے پیش قدمی کے ساتھ دارالحکومت کو گھیرے میں لینے کے لیے حالات قائم کر رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 64 کلومیٹر طویل قافلہ اب بھی شہر کے شمال میں مغرب سے حملے کی کے لیے موجود ہے۔

یوکرینی کئی شہروں میں فضائی حملے سے خبردار کرنے والے سائرن کی آوازوں سے جاگ رہے ہیں۔ روس نے یوکرین پر تین اہم سمتوں شمال، جنوب اور مشرق سے حملہ کر رکھا ہے۔

خارکیف پر حملہ

خارکیف میں گولہ باری اور فضائی بمباری جاری ہے۔ خارکیف میں یوکرین کی فوج کے مطابق، روسی پیرا ٹروپرز اتر چکے ہیں اور شہر پر کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ایک راکٹ حملے کے ذریعے علاقائی پولیس ڈیپارٹمنٹ کی عمارت اور کارازن یونیورسٹی کے ایک حصے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ شہر کے میئر کے مطابق شیلنگ میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈزنی اور وارنر برادرز نے یوکرین کے بحران پر روس میں فلم کی ریلیز روک دی

خارکیف یوکرین کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے، یہ سرحد سے صرف 30 میل کے فاصلے پر ہے اور زیادہ تر روسی بولنے والے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ روس بدھ یا جمعرات کو نئے سرے سے زمینی حملہ کرنے سے پہلے پہلے فضائی حملہ کر رہا ہے۔

کھیرسن پر روسی قبضے کا دعویٰ

روسی فوجی دستے یوکرین کے جنوب میں مزید ٹھوس کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ روس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنوبی یوکرین کے بندرگاہی شہر کھیرسن پر قبضہ کرلیا ہے، اب وہ مکمل کنٹرول میں ہے۔

لیکن شہر کے گورنر کا کہنا ہے کہ کھیرسن مکمل طور پر روسی افواج کے گھیرے میں ہے، ہم اب بھی یوکرین ہیں، مضبوط ہیں۔

جنوب میں، روسی افواج کھیرسن پر اپنے قبضے کو آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں، جس سے اوڈیسا اور میکولائیو کے لیے راستہ صاف ہو سکتا ہے، جو یوکرین کی بندرگاہ تک رسائی کو ختم کر دے گا۔

ماریوپول پر فضائی حملے

روسی مشرق میں اسٹریٹجک بندرگاہی شہر ماریوپول کو گھیرے میں لینے کے لیے فوجیں تیار کر رہے ہیں، جو روسی سرزمین اور کریمیا کے درمیان آزادانہ سفر کرنے کے لیے ایک زمینی پل کا کردار ادا کرے گا۔ ماریوپول کے میئر کا کہنا ہے کہ شہر مسلسل گولہ باری کی زد میں ہے۔

یوکرین کا دعویٰ

یوکرین کی مسلح افواج کی جانب سے ابتدائی اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں، جس میں حملے کے آغاز سے اب تک روسی افواج کو پہنچنے والے تمام نقصانات کی تفصیلات ہیں۔

دعوے کے مطابق اب تک پانچ ہزار 840 روسی فوجیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے، جبکہ 30 طیارے، 31 ہیلی کاپٹر، 211 ٹینک، 862 بکتر بند گشتی گاڑیاں، 85 آرٹلری سسٹم، 9 طیارہ شکن نظام، 60 ایندھن کے ٹینک، 355 گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ 40 راکٹ لانچروں کو قبضے میں لے لیا گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top