جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بجلی کے ستائے عوام کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

16 اگست, 2024 17:58

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے بجلی کے ستائے عوام کا کرب کم کرنے کیلئے 500 یونٹس تک بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کردیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور زائد بجلی کے بلوں پر عوام کے کرب کا اندازہ ہے ان سب کا کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے، آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں اور دنیا بھی کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہوگیا مگر آئی ایم ایف کو دوبارہ کون مسلط کیا گیا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے زمانے میں بجلی کے بل کتنے تھے اور آج کتنے ہیں مجھے اندازہ ہے، میرا ذہن بار بار 2017ء کی طرف جاتا ہے جب بل کم تھے اور مہنگائی میں بھی کمی تھی۔

مزید پڑھیں: بجلی کیوں مہنگی ہو رہی ہے؟ سیکٹری پاور نے پول کھول دیا

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب ٹیک اوور کیا تو پاکستان تقریباً ڈیفالٹ کی حالت میں تھا اور اس معیشت کو ٹھیک کرکے دنیا کی بہترین ترقی والی قوموں میں شامل کردیا یہ میرے نہیں دنیا بھر کے اخبارات و جرائد کے الفاظ ہیں، جب تک مجھے نکالا نہیں گیا اس وقت تک ڈالر 104 روپے پر رہا۔ چار سال تک ڈالر کو 104 روپے کی قیمت پر رکھا تو اطمینان رکھنا چاہیے تھا کہ آئندہ بھی ڈالر اسی قیمت پر رہتا مگر مجھے نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم کیا اور بجلی کے کارخانے لگائے، ریکارڈ عرصے میں چین کے تعاون سے سی پیک کے تحت بجلی کے کارخانے لگائے اور بجلی کے ریٹ بھی بڑھنے نہیں دیے، 2017 میں بجلی کا بل 1600 روپے اور آج 18 ہزار روپے آرہا ہے، غریب کہاں سے بجلی کا بل دے گا؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ بہت بڑا ریلیف ہے، 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے پر حکومت پنجاب کے 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جس کے لیے پنجاب حکومت نے اپنے مختلف شعبوں سے اخراجات کو کم کیا ہے، ترقیاتی فنڈز کی کٹوتیاں کی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہوگا، مزید ریلیف کے لیے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دیے جائیں گے تاکہ ان کا بجل کا بل مزید کم ہوجائے جس کے لیے پنجاب حکومت 700 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، شہباز شریف سے بھی درخواست ہے کہ وہ پنجاب حکومت سمیت دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر عوام کو سولر پینل دینے کے لیے کام کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top