جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیراعظم کا سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے دینے کا اعلان

26 اگست, 2022 15:41

سکھر : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی سے ہر مستحق خاندان کو 24 ہزار کی فوری رقم ملے گی، سندھ حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے دیئے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب کی صورتحال دیکھنے کے لیئے فضائی دورہ کیا، جس کے بعد سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے، جیسے ہر طرف دریائے سندھ پھیلا ہوا ہے، بے پناہ تباہی ہوئی ہے، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی تباہی شاید ہی پہلے کبھی ہوئی ہو۔ سیکڑوں جانیں اس تباہی کی نذر ہوگئیں۔ دیہات کے دیہات پانی کی نذر ہوگئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ رحم کرے۔ اب تک 900 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث زخمی ہونے والوں کی بھی مالی مدد کی جائے گی۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سب کا ڈیٹا موجود ہے۔ 28 ارب روپے جاری کردیئے گئیں ہیں۔ بلوچستان سے امدادی رقم کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آج سے سندھ میں امدادی رقم کی تقسیم شروع ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کا سیلابی ریلہ دریائے کابل میں داخل، مقامی افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت

وزیر اعظم نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ہر مستحق خاندان کو 24 ہزار کی فوری رقم ملے گی۔ سندھ حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے دیئے جارہے ہیں۔ سندھ حکومت یہ رقم سیلاب متاثرین پر خرچ کرے گی۔ این ڈی ایم اے بھی سندھ حکومت سے تعاون کرے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر حکومت بنائی ہے، سب مل کر مقابلہ کریں گے۔ مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی اپیل کرتا ہوں۔ صنعتکار، تاجر، کاروباری حضرات آگے بڑھ کر مدد کریں۔ قوم مخیر حضرات کی طرف دیکھ رہی ہے آگے بڑھ کر مدد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ ملین خیمے اور مچھر دانیاں سندھ کے عوام کو دیں گے۔ جب تک آخری سیلاب متاثر اپنے گھر منتقل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سندھ میں بے پناہ تباہی ہوئی 40 سال میں بھی ایسا نہیں ہوا۔ مجھے یقین ہے یہ برج، سڑکیں بنائیں گے، گھر گھر پیسہ پہنچائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top