جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا

18 فروری, 2024 14:00

 

پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم پرست جماعتیں جو سیٹیں جیت چکی ہیں ان پر تو خاموش مگر جو ہاری ہیں ان پر واویلا کر رہی ہیں۔

سرفرازبگٹی کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈا کرنے والے ہمارا کچھ نہیں بگاڑسکتے، پاکستان پیپلز پارٹی کو چاروں صوبوں سے عوامی نمائندگی ملی ہے۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سربلند خان اورملک شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سرفرازبگٹی نے کہا کہ الیکشن کا سارا پراسس ہوتا ہے، جہاں آپ جیت رہے ہیں وہ پراسس ٹھیک ہے، جہاں آپ ہارے وہ پراسس ٹھیک نہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کا الیکشن سے کیا لینا دینا، الیکشن پر ہمارے بھی تحفظات ہیں، ہم نے کوئی سڑک بند نہیں کی، لوگوں کو تکلیف نہیں دی، سڑکیں بند کرنا بلوچستان کے عوام کو تکلیف دینا ہے، انگلی سے سورج کو نہیں چھپایا جاسکتا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، بلاول بھٹو نے الیکشن کو کھلے دل سے تسلیم کیا، پاکستان پیپلزپار ٹی کو بھاری مینڈیٹ دیا گیا، سب سے زیادہ ایم پی ایز کی تعداد ہمارے ساتھ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم پرست جماعتیں ہارنے پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں ، الزام لگانے والے لوگ کورٹ جائیں، آئینی راستہ اپنائیں، ہمارے پی پی 9 اور 14 میں مسائل ہیں قانون راستہ اپنائیں گے، ہم لوگوں نے نہ احتجاج کیا نہ سڑکیں بند کیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو کے نظریے پر بلاول بھٹو نے کامیاب کیمپین کی، کامیاب کیمپین کی صورت میں لوگوں نے ہمیں ووٹ دیے، بلوچستان کے حالاتِ کو سامنے رکھ کر عوامی مفاد میں اقدامات کریں گے۔

سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ ریاست پاکستان کو ضرورت پڑنے پر پیپلزپارٹی ہمیشہ حاضر ہوئی، مسلم لیگ ن بلوچستان میں سپورٹ کا عندیہ دے چکی ہے، 6 آزاد امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہے، پارٹی کے لیڈر جس کا چناؤ کرے گے سب قبول کریں گے، کمشنر راولپنڈی کے بیان پر تحقیقات لازمی ہونی چاہیئے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ظہور بلیدی نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے کا الیکشن میں کوئی کردار نہیں تھا، صاف شفاف انتخابات ہوئے، میرے گھر 2 حملے ہوئے، قوم پرست جماعت کے کسی قائد پرکوئی حملہ نہیں ہوا۔

پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما ملک شاہ نے کہا کہ لوگ سڑکوں پر سیاست کر رہے ہیں، بلوچ آزاد ہے ہر کوئی اہمیت کا حامل ہے، الیکشن کا انعقاد صاف شفاف ہوا، عوام کو شعورہے مگران کے لوگ ہرچیز کی سمجھ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی وجہ سے ہم تحفظ میں ہیں، تربت سے مانگ تک جانا مشکل تھا فوج کی بدولت بآسانی زندگی گزار رہے ہیں۔

صوبائی سیکریٹری اطلاعات پی پی بلوچستان سربلند خان نے کہا کہ بلوچستان میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے بیانیے سے متاثر ہورہے،بلوچستان میں اکثریتی پارٹی ہونے کے ناطے حکومت میں جائیں گئے۔

یہ پڑھیں : بلوچستان ، این اے 253 اور پی بی 9 کے پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ جاری

 

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top