جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ن لیگ کی قیادت نے عدالت کو دباؤ میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے: شاہ محمود قریشی

02 اپریل, 2023 14:39

کراچی: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی قیادت نے عدالت کو دباؤ میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، رانا ثنا اللہ نے کہا 3 ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت کل ایک مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس کا جو اعلامیہ سامنے آیا ہے وہ قابل غور ہے، ن لیگ کی قیادت نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے، ن لیگ کی قیادت نے عدالت کو دباؤ میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے ججز پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی، رانا ثنا اللہ نے کہا 3 ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا، بھٹو کے نواسے نے بھٹو کے آئین پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پی پی آئین پر فخر کرتی تھی اب اس کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو آئین بھٹو نے بنایا اور زرداریوں نے برباد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: فل بینچ تشکیل دیا جائے، چیف جسٹس صاحب آپ اس فتنے کا حصہ نہ بنیں : رانا ثناء اللہ

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سینیٹ کے فلور پر دعوت دی تھی، وزیراعظم نے کہا سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کرنا چاہیے، کل کے اعلامیہ میں کہا گیا عمران خان اور پی ٹی آئی سے گفتگو نہیں ہوگی، ایک طرف کہتے ہیں اسمبلی میں آکر کردار ادا کرو، اب یہ اسمبلی میں جانے کےلیے رکاوٹ بن رہے ہیں، یہ ایسا قائد حزب اختلاف چاہتے ہیں جو سرکار کی زبان بولے۔

انہوں نے کہا کہ کل ایک بہت اہم کیس میں پیش رفت ہونی ہے، سپریم کورٹ کے 3 فاضل ججز نے ہماری پٹیشن پر اپنی رائے قائم کرنی ہے، آئین کی تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے،اسمبلیاں تحلیل ہوں تو 90 دن میں انتخابات ہونے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آچکا ہے اور الیکشن کمیشن تسلیم بھی کرچکا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک طرف کاغذات جمع کرائے گئے اور پھر کہتے ہیں الیکشن نہیں ہونے چاہئیں، الیکشن سے فرار کے مختلف بہانے تلاش کیے جارہے ہیں، انہوں نے الیکشن میں تاخیر کےلیے ہر راستہ استعمال کیا، شاید یہ آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرسکیں، آزاد عدلیہ کے بغیر خود مختار جمہوریت ہوہی نہیں سکتی، آئین کیساتھ کھڑی ہونے والی جماعتوں کو ایک جگہ ہونا ہوگا، آئین پر ضرب لگانے کی کوشش کی گئی وکلا آئین کے محافظ بنیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top