جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان کے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف دائر درخواست خارج

11 اگست, 2022 13:27

لاہور : درخواست گزار نے عمران خان کے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی۔

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے شہری میاں آصف محمود کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابات میں ایک سے زائد سیٹوں سے الیکشن لڑنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ آئین کے تحت ووٹرز کو ان کے حق نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ہے۔ ایک سے زائد سیٹوں سے انتخابات جیتنے والے امیدوار کو باقی سیٹیں چھوڑنا پڑتی ہیں۔

درخواست کے مطابق جیتنے والے امیدوار کا سیٹ خالی کرنا شہریوں کو حق نمائندگی سے محروم کرنا ہے۔ انتخابات پر قومی خزانے سے بھی بے پناہ اخراجات ہوتے ہیں۔ ایک سے زائد سیٹوں سے انتخابات لڑنے کی اجازت دینا پیسے کا ضیاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : این اے 240 میں بیلٹ پیپرز چھیننے کا کیس، الیکشن کمیشن نے پریذائڈنگ افسر کو ڈانٹ دیا

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کو نو نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کا حکم دے۔

سماعت کے موقع پر عدالت نے کہا کہ کیا امیدوار نے نو حلقوںِ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے؟ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پرسوں آخری روز ہے۔ ابھی تک عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

عدالت نے کہا کہ متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے، وہاں درخواست کیوں دائر نہیں کی۔ جب تک کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوتے۔ عدالت کے سامنے کاز آف ایکشن کیسے بنتا ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایک سے زائد حلقوں سے انتخابات سے متعلق قوانین موجود نہیں ہیں، جس پر عدالت کارروائی کا اختیار رکھتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع ہونے تک عدالت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے وکیل سے کہا کہ درخواست واپس لینی ہے یا عدالت میرٹ پر فیصلہ سنائے؟

درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لے لی، جس پر عدالت نے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف درخواست خارج کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top