جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے ہرادیا

17 دسمبر, 2023 15:16

پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے ہرادیا۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔

جواب میں قومی ٹیم 89 رنز ہی بنا سکی اور تمام ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

گزشتہ روز آسٹریلیا نے اپنی تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے، عثمان خواجہ 34 اور اسٹیون اسمتھ 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

آج کھیل کے آغاز پر مچل مارش اور عثمان خواجہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد آسٹریلیا نے 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی بیٹنگ ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو 450 رنز کا ہدف دے دیا۔

450 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آسٹریلوی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، اور پوری ٹیم 89 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، اور پاکستان کو 360 رنز سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ دو رنز پر گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

17 رنز کے مجموعے پر پاکستانی کپتان شان مسعود دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 19 رنز پر پاکستانی اوپنر امام الحق بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ کا انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا

پاکستان ٹیم 48 رنز تک پہنچی تو بابراعظم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، وکٹ کیپر سرفراز احمد نے 4 اور سلمان علی آغا نے 5 رنز بنائے اور دونوں پویلین لوٹ گئے۔

اس کے علاوہ فہیم اشرف پانچ رنز، عامر جمال 4 رنز اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اس میچ میں مچل اسٹارک اور نیتھن لائن نے5، 5، جوش ہیزل ووڈ نے 4، پیٹ کمنز نے تین، مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیوی اسپنر نیتھن لائن نے ٹیسٹ کیریئر کی 500 وکٹیں مکمل کیں، اور وہ 500 وکٹیں حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے تیسرے اور ٹیسٹ کی تاریخ کے آٹھویں بولر بن گئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top