جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے پی ٹی آئی کے لوگوں نے رابطے کئے ہیں : فیصل کریم کنڈی

18 مئی, 2023 14:40

اسلام آباد : وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بڑے بڑے لوگوں نے رابطے کئے ہیں مگر  فی الوقت سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رابطہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن تھا، ان واقعات کی پیپلزپارٹی نے بھرپور مذمت کی۔ سرکاری املاک، فوجی تنصیبات کو جلانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ملوث ہیں ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ہم نے اس قسم کی سیاست پاکستان میں نہیں دیکھی۔ بی بی شہید ہر مقدمے میں پیش ہوتی رہیں، عمران خان کیوں لاڈلہ ہے؟ عمران خان نے ہمیشہ خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں گھریلو خواتین کو گھروں سے اٹھا کر جیلوں میں بند کیا۔ پی ٹی آئی رہنما گرفتاری کے ڈرسے چھپ کے بیٹھے ہیں۔ ملک میں عمران خان اور دوسروں کے لیے الگ قانون ہے۔

پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ جب فریال تالپور کو رات کے اندھیرے میں اسپتال سے گرفتار کیا گیا اس وقت کیوں ضمیر نہیں جاگے؟ اس وقت کیوں ضمیر نہیں جاگے جب عمران خان خارجہ پالیسی کی بجائے مخالفین کو جیل میں دھمکانے کی دھمکیاں امریکہ سے دیتے تھے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جو بڑھکیں مارتے تھے، آج کہاں گئے ہیں۔ کیا آزادی کے لئے ایسے جدوجہد ہوتی ہے۔ جیسے آپ جیلوں کے نام پر خوف سے بھاگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماء شہریار آفریدی کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بڑے بڑے لوگوں نے رابطے کئے ہیں مگر پیپلز پارٹی فی الوقت ان سے کوئی رابطہ نہیں کرے گی۔ جن لوگوں نے سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچایا، ان کو کسی صورت پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کو نیب کی عدالت ضمانت دیتی ہے مگر 24 گھنٹے کے بعد بھی رہا نہیں کیا جاتا۔ ہائیکورٹ پھر اس ضمانت کو مسترد کردیتی ہے مگر آج عدالتوں نے بھی یوٹرن لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے نہیں دیکھا کہ اسپتال میں شرجیل میمن پر چھاپہ مارنے کے لئے میڈیا کو ساتھ لے کر گئے؟ جب انصاف دو رنگا ہوجائے اور مجرموں کا استقبال کریں تو پھر کہاں سے عدل و انصاف ہوگا؟ جس معاشرے میں عدل و انصاف ختم ہوجائے وہ معاشرے تباہ ہوتے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ تمام ادارے اپنے دائرے میں رہیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ سنجیدہ مذاکرات سے مسائل حل ہونگے۔ مگر جب منصوبہ بندی کے تحت 9 مئی کو حملے کئے گئے تو ایسی صورت میں ہم کیسے مذاکرات کرتے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کافی عرصہ پہلے کہا تھا عمران خان نہ سیاست دان ہے اور نہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت۔ مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی کانفرنس ہونے جارہی ہے، وزیر خارجہ اکیس مئی کو اسلام آباد سے مظفر آباد جائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top