جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پی ڈی ایم نے اکتوبر میں انتخابات کرانے کا کہا ہے: سراج الحق

17 اپریل, 2023 21:08

اسلام آباد: سراج الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، پی ڈی ایم نے اکتوبر میں انتخابات کرانے کا کہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا جی ٹی وی کے پروگرام ’نیوز نائٹ وِد انیقہ نثار‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں حالات بہت خراب ہیں، سپریم کورٹ سمیت تمام ادارے ایک بند گلی میں ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان سے ملاقات کی تھی، ہماری کوشش ہے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق پیدا کریں، مسئلے کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا، ہمیں خود راستہ بنانا ہوگا ورنہ وقت گزر جائے گا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے اکتوبر میں انتخابات کرانے کا کہا ہے، اگر اکتوبر میں بھی انتخابات نہیں ہوئے تو پھر کیا ہوگا، الیکشن ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، 800 ارب ترقیاتی کاموں میں رکھے گئے تھے حکومت نے اس میں بھی کمی کی، جس ملک کے ادارے ناکام ہوجائیں تو معاشرہ انارکی کی طرف چلا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی نے پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز کا اجرا مسترد کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ملک کسی ایک پارٹی کا نہیں، چاہتے ہیں پر امن الیکشن ہوں، عوام ہی اپنے ملک کو کامیاب کرسکتی ہے، آئین میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے، آج پاکستان بھی صرف آئین کی وجہ سے چل رہا ہے، آئین کہتا ہے سود ختم ہو، لیکن ایک سال میں بھی ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی سپریم کورٹ سے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا، فیصلہ کرنے والے بینچ کے ججز میں بھی اختلافات ہیں، اس وقت سپریم کورٹ تقسیم ہے، فل کورٹ قانونی اور اخلاقی بنیاد ہے، فل کورٹ کے بعد جو بھی فیصلہ آتا وہ ہم سب پر لازم ہوتا، پر امن ماحول بنانا اپوزیشن کا نہیں حکومت کا کام ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی انتقام کی سیاست کو پسند نہیں کرتی، جو بات حکومت سے کہی وہی بات پی ٹی آئی سے بھی کہی، اس وقت حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں مشکل میں ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top