جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستان اور ترکیہ کا تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق

09 اگست, 2024 10:40

پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تجارت، مختلف شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ فیصلہ ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری اور نجکاری عبدالعلیم خان کی مشترکہ صدارت میں گول میز بزنس کانفرنس میں کیا گیا۔

ترک نائب وزیر تجارت مصطفی ٰ توزکو، پاکستان میں سفیر محمد پکاسی اور چیمبرز آف ترکی کے صدور بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پاکستان کی ممتاز کاروباری برادری کی شخصیات نے بھی اس سیشن میں شرکت کی۔

علیم خان نے پاک ترکیہ بزنس گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بھائی چارہ، باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور یہ دونوں ممالک پہلے ہی اقتصادی اور مشترکہ کاروباری معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کا پرائم ٹائم ہے۔

علیم خان نے ترکیہ کی کاروباری برادری کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ترک وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی و کاروباری تعلقات اور دوطرفہ شراکت داری کا ایک نیا آغاز ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کا ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top