جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستان ایک جوہری طاقت ہے، دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: وزیراعظم

08 اگست, 2023 15:49

راولپنڈی: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے، دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، آرمی چیف اورٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جی ایچ کیو میں شہدا کے اہلخانہ اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہدا کے خاندانوں اور غازیوں سے ملاقات پر فخر ہے، شہداء اور غازیوں نے ملکی دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں، قربانیوں کا سلسلہ پاکستان کے وجود میں آنے سے آج تک جاری ہے، 14 اگست کی آمد ہے، قیام پاکستان کو 76سال ہوچکے ہیں، خون سے لکھی تاریخ قیامت تک احساس دلائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قربانی دینے والوں نے کسی کی پرواہ نہیں کی، وہ اس دنیا سے چلے گئے مگر پاکستان کو محفوظ کرگئے، قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، پاکستان ایک جوہری طاقت ہے، دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، دنیا میں عزت و وقار سے چلنے کے مزید اور بھی تقاضے ہیں، شرط اول یہ ہے کہ ہمیں غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا برا نہیں مناتا : وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کی قربانیوں کی دل سے قدر کرنی ہے، ان کے بچوں کی دنیا میں عظمت کا لوہا منوانا ہے، پاکستانی منتظر ہیں کب ملک قرضوں سے جان چھڑا کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، پاکستان بہت مشکل ترین حالات سے نکل آیا ہے، مشکل سے نکلنے کے لیے بے پناہ کاوشیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کل ہماری حکومت کی مدت پوری ہو جائے گی، وسائل کی بندربانٹ کے بجائے منصفانہ تقسیم پر متحد ہوجانا چاہیے، جانے سے قبل مربوط اور جامع ترقی و خوشحالی کا نظام سامنے آچکا، اس نظام کو بنانے کےلیے دن رات محنت کی گئی، حکومت اور اداروں نے مل کر جامع پلان واضح کیا ہے، زراعت ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اورٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ملک کو آگے بڑھانے کا پلان بتایا، آئی ٹی کو تیزی سے آگے بڑھانے کا منصوبہ بنا چکے ہیں، ایس آئی ایف سی دنیا بھر میں ایک نام بن چکا ہے، دنیا بھر سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، یہ کام راتوں رات نہیں ہوگا، وقت لگے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top