جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاک فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ضروری تعاون فراہم کرے گی: کور کمانڈرز کانفرنس

28 دسمبر, 2023 21:25

راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، شہدا نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں شہدائے پاکستان، ڈی آئی خان حملے کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کو مطلوبہ، ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والوں کیخلاف طاقت سے نمٹا جائے گا، دہشتگردوں، سہولت کاروں کیخلاف ریاست مکمل طاقت کیساتھ نمٹے گی۔

فارم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغوا، تشدد قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت بھی کی۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گا، مظالم بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتے۔

کانفرنس میں بالواسطہ، بلاوسطہ خطرات کیخلاف ملکی خود مختاری، سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج نے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے پڑوسی ملک سے دہشتگرد کارروائیوں کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیا، پڑوسی ملک سے دہشتگردوں کو جدید ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈر کانفرنس : آرمی چیف کا پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر اطمینان کا اظہار

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا، غزہ میں فوری جنگ بندی اور مسئلے کے پر امن حل کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جاری کوششوں پر حمایت کا اعادہ کیا گیا، اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ذخیرہ اندوزی کیخلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہاریت کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا، کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج جرائم کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top