جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

میری حکومت بلاوجہ ختم کردی گئی،پانچ لوگوں نے ایک وزیرا اعظم کو نکال دیا : نواز شریف

25 نومبر, 2023 16:14

 

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا میری حکومت بلاوجہ ختم کردی گئی،پانچ لوگوں نے ایک وزیرا اعظم کو نکال دیا۔

سیالکوٹ میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معاشی صورتحال ہمسایہ ممالک سے اچھی تھی اور ملک خوشحال تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ روپیہ مضبوط تھا اور ملک میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوچکا تھا، سی پیک پر کام تیزی سے جاری تھا اور ملک ترقی کر رہا تھا مگر اس وقت ہمارے خلاف سازش کر کے حکومت ختم کی گئی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بہت مشکل وقت دیکھا ہے، جتنا عرصہ اقتدار میں رہا اس سے زیادہ عرصہ جیلوں، ملک بدری اور مقدمے بھگتنے میں گزرا، میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء سے آج تک ہمارے خلاف سزاؤں کا سلسلہ چلتا رہا ہے جو کچھ دن پہلے ختم ہوا، ہماری حکومت بلاوجہ ختم کردی گئی، اگر اب بھی سبق نہیں سیکھا تو بقول علامہ اقبال ہماری داستان نہ ہوگی داستانوں میں۔

کروڑوں انسانوں کے نمائندے کو 5 بندوں نے اٹھا کر پھینک دیا، دنیا میں ایسا کہاں ہوتا ہے، آئے دن وزیراعظم بدلنے، جیل اور ملک بدری سے ملک کیسے چلے گا؟

نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بلاوجہ سزائیں دی گئیں، ہمیں بغیر کسی وجہ کے نکال دیتے ہو تو پھر آپ لائے کس کو ہو؟ نواز شریف کو ہٹا کر کس کو لایا گیا؟ الیکشن میں ہیرا پھیری کیوں کی؟ آر ٹی ایس کیوں بند کیا؟

ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ایسےشخص کو لایا گیا جس کو گالی کے علاوہ کچھ نہیں آتا اور اس شخص نے ہمارے معاشرے اور کلچر کو تباہ کردیا، میرا دل اور دماغ بھرے ہوئے ہیں، اپنے ملک کو اس طرح کے لوگوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا سو ہوا، ہمارے ساتھ ظلم ہوا کبھی پاکستان کے مفاد کے خلاف کام نہیں کیا، جو 70 سال میں ملک کے ساتھ کیا گیا اللّٰہ نہ کرے کسی اور ملک کے ساتھ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بندے کو لانے والے اتنے ہی ذمے دار ہیں جتنا وہ خود، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج پاکستان مضبوط ملک ہوتا۔

یہ پڑھیں : میں نے سیاست میں کبھی جھوٹ نہیں بولا: نواز شریف

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top