جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

جاپان میں زلزلے سے چار افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی، کئی املاک تباہ

17 مارچ, 2022 15:24

ٹوکیو : جاپان میں زلزلے نے نہ صرف چار افراد کی جان لی، بلکہ املاک کے نقصان کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے کاروبار کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

جاپان میں 7.4 شدت کے زلزلے نے شہریوں کو خوف میں مبتلاء کردیا ہے، زلزلے کے باعث چار افراد ہلاک، جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

زلزلے کے بعد ملک کے شمال مشرق سے ٹرانسپورٹ روابط منقطع ہوگئے۔ زلزلے کے فوراً بعد ٹوکیو کے علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، زیادہ تر علاقوں میں تین گھنٹے کے اندر دوبارہ حاصل کرلی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ ناکام ہوگیا : جاپان / جنوبی کوریا

جاپان میں کام کرنے والی دنیا کی نامی گرامی کمپنیوں کی فیکٹریوں کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے۔ اسمارٹ فونز، الیکٹرانکس اور آٹوموبائلز سپلائی کے حوالے سے پہلے ہی دباؤ میں ہیں، زلزلے کے بعد عالمی پیداوار پر مزید دباؤ پیدا ہوسکتا ہے۔

بلٹ ٹرین سروس کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا، ایک بڑی شاہراہ حفاظتی جانچ کے لیے بند کردی گئی۔ کچھ علاقوں میں عمارت کے کچھ حصے نیچے گلیوں میں گر گئے۔ کئی مقامات پر کاریں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا، جبکہ شاہراہیں پھٹ گئیں۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکومت اگلے دو سے تین دنوں میں مزید شدید زلزلے کے امکان کے لیے ہائی الرٹ رہے گی۔

زلزلے کے فوراً بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، لیکن جمعرات کی صبح اسے منسوخ کر دیا گیا۔ کچھ علاقوں میں سطح سمندر میں اضافے کی اطلاع ہے، لیکن فوری طور پر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top