جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہی ہماری غلطی تھی: شیخ رشید

20 اکتوبر, 2023 20:47

راولپنڈی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی بنتی نہیں تھی، جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہی ہماری غلطی تھی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ میں 40 دن کیلئے چلے پر چلا گیا تھا، خبریں تو لگتی رہتی ہیں اللہ نے زندگی میں 40 دن لگانے کا موقع دیا، راشد کو بتا نہیں سکا اس لیے ان کو میری فکر ہوگئی، راشد بیٹے کی جگہ ہے اس کو بتایا اب چلے سے فارغ ہوگیا ہوں، چلے میں عمر کے اس حصے میں کافی چیزیں سوچنے کا موقع ملا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج بھی فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ہمیشہ کہا کہ فوج سے بنا کر رکھنی چاہیے، میرا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے، میری ایک سیٹ کی پارٹی ہے، پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، مجھے خود کو پاک فوج کا ترجمان کہنے پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی سائفر سے متعلق میٹنگ میں شامل تھا، 3 آدمی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے فوج سے مذاکرات کررہے تھے، تینوں آدمیوں نے اپنی جماعت بنالی ہے، میری بھی کوشش تھی اس میں حصہ ڈالوں، مجھ سے ایم کیو ایم نے بات کی تو اندازہ ہوگیا تھا ہمارا کام ختم ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی حراست سے متعلق پولیس رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے وقت پاکستان سے باہر تھا، 10 مئی کو واقعہ کی مذمت کی، دو مرتبہ کہا مذاکرات میں شامل کرلیں مگر چیئرمین پی ٹی آئی نے منع کیا، 9 مئی کے واقعہ میں غیر سیاسی لوگوں نے اہم کردارادا کیا، کسی سیاستدان کو کسی فوجی افسر کا نام نہیں لینا چاہیے، سیاستدان اور اداروں کو مل کر چلنا چاہیے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی بنتی نہیں تھی، جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہی ہماری غلطی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے 2 بار فوج سے مذاکرات سے منع کیا، وہ سمجھتے تھے کہ اندر موجود لوگ ہماری مدد کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ایک ضدی سیاستدان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف سوائے ٹوئٹس کے کچھ بھی نہیں نکلا، 9 مئی کے واقعات کی ہر وقت مذمت کرنی چاہیے، پی ڈی ایم سے سیاسی لڑائی لڑوں گا، چلے سے عہد کرکے چلاہوں غلطی کے باوجود ایک معافی انکی کرواؤں گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top