جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کشمیر پر بھارتی قبضےکو 76 سال : کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

27 اکتوبر, 2023 12:02

 

کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، واضح رہےبھارتی فورسز نے 1947 میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کیا تھا۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہوگا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے بڑے حصے پر بھارتی قبضے کو76سال بیت گئے ہیں، بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کررہاہےلیکن کشمیریوں کے جذبے کے آگے بھارت کے تمام ظلم ہار گئے ہیں۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ27اکتوبر کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے،اس دن کشمیریوں کی جائز خواہشات کاگلا گھونٹاگیاتھا۔

صدرمملکت نے کشمیریوں کی مثال جرات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ عالمی برادری اور میڈیا کو کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنا چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق نے بھی یوم سیاہ کے پیغام میں کہاکہ ہندوستان نے 27 اکتوبر کو ریاست پر جابرانہ قبضہ کیا ، ہندوستان نےریاست کوایک فوجی چھاؤنی میں بدل دیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کاحق خودارادیت عالمی سطح پرتسلیم شدہ حق ہے،کشمیری عوام آج بھی اپنی منصفانہ جدوجہدپرڈٹے ہوئے ہیں۔

چودھری انوارالحق نے مزید کہا کے آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی پشت پرکھڑے ہیں،بھارت طاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کاجذبہ آزادی سردنہیں کرسکتاہے۔

نگراں وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے بھی یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے،ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔

زبیر جمالی نے کہا کہ عالمی ادارے فلسطین اورکشمیری عوام پر ظلم و ستم کا نوٹس لیں،خطےکا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔

یہ پڑھیں : جب تک کشمیری عوام کو حق خودارادیت نہیں مل جاتا، چین سے نہیں بیٹھیں گے : وزیر اعظم

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top