جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل کا بے گھر افراد کے کیمپ پر فضائی حملہ، 29 فلسطینی شہید

10 جولائی, 2024 09:03

اسرائیل کا غزہ میں اسکول کے قریب بے گھر افراد کے کیمپ پر حملے میں 29 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

غزہ میں پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے والی ایک اسکول کی عمارت کو نشانہ بنانے کا یہ چوتھا اسرائیلی حملہ ہے اور یہ اس وقت ہوا ہے جب اسرائیل نے خان یونس اور غزہ سٹی کے کچھ حصوں کے لیے بڑے پیمانے پر انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور تین اہم اسپتالوں کو بند کردیا گیا۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرق میں اباسان الکبیرہ قصبے میں العودہ اسکول کے گیٹ کے باہر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ ہوا جس میں کم از کم  29 افراد شہید ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہم نے حماس کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو نشانہ بنانے کے لیے گولہ باری کی۔

فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کو 9 ماہ مکمل ہوگئے ہیں تاہم اتنا وقت گزرجانے کے باوجود صیہونی فوج کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں:حزب اللہ نے اسرائیل کی 17 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے شہریوں کو مشرقی خان یونس اور  دیگر علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا، جس سے  ہزاروں  افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق چار دن میں اسرائیل کی جانب سے بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکولوں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top