جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پنجاب کے ضمنی انتخابات : ٹائیگر فورس عوام کو گھر گھر جا کر نکالے : عمران خان

27 جون, 2022 15:21

اسلام آباد : عمران خان نے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے، ٹائیگر فورس عوام کو گھر گھر جا کر نکالے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نوجوانوں کے نام اہم پیغام میں کہا کہ آج اپنی ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوں۔ آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے، وہاں آپ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی۔ 30 سالوں سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا۔ دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی۔ یہ پھر اس لئے اقتدار میں لائے گئے تا کہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے۔ آج نیب اور ایف آئی اے تباہ کر دی ہے۔ 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دئیے۔ اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : امپائر ساتھ ہونے کے باوجود چوروں کو شکست دینی ہے: عمران خان

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے۔ پارٹی کی لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہے۔ میرے اوپر 9 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ختم ہو گئی، پنجاب میں بھی تماشا لگا رکھا ہے۔ قومی اسمبلی میں ایسے شخص کو اپوزیشن لیڈر بنایا جو ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔ میڈیا پر فاشسٹ ہتھکنڈوں کے ذریعے بد ترین سختیاں مسلط کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نامور اینکرز پر ایف آئی آر، میڈیا مالکان کو کالز کے ذریعے دھمکایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔ یہ صرف پاکستان کے ادارے تباہ کر کے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانتیں لے کر بیٹھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس جوائن کریں۔ انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں۔ ٹائیگر فورس عوام کو گھر گھر جا کر نکالے۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے۔ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top