جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے: نگراں وزیر خارجہ

15 اکتوبر, 2023 12:52

اسلام آباد: جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطین میں مظالم ڈھارہا ہے، یہ صورتحال نسل کشی کی طرف جارہی ہے، پاکستان کی پالیسی ہمیشہ فلسطینیوں کے حق میں رہے گی۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم چینی صدر کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں، انوار الحق کاکڑ چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملیں گے، چینی صدر سمیت دیگر حکام سے باہمی تعلقات پر بات چیت ہوگی، نگراں وزیر اعظم کی فورم پر دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، دورے میں باہمی تعاون کے اہم منصوبوں پر دستخط ہوں گے، دورے سے چین اور پاکستان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری انتہائی اہم منصوبہ ہے، سی پیک سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا، جعلی خبروں پر کان نہ دھریں، سی پیک جاری رہے گا، ریلوے کی ترقی کا منصوبہ بھی سی پیک میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے معاملے پر او آئی سی کا اہم اجلاس ہونے جارہا ہے، او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہوگا، اسرائیلی فورسز فلسطین میں بربریت کا مظاہرہ کررہی ہیں، شہری آبادی پر حملوں اور غزہ کے محاصرے کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملوں میں معصوم فلسطینی خواتین اور بچے مارے جارہے ہیں، اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطین میں مظالم ڈھارہا ہے، اسرائیلی مظالم اور جارحانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے غزہ سے فلسطینیوں کے جبری انخلاء کو مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف رکھتا ہے، فلسطین کا معاملہ بہت اہم ہے، فلسطینیوں کو آزاد ریاست کا حق دیا جائے، فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے، غزہ کے عوام کے پاس پانی اور خوراک نہیں ہے، یہ صورتحال نسل کشی کی طرف جارہی ہے، غزہ میں انسانی امداد کیلئے اقوام متحدہ سے رابطے میں ہیں۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے جدہ اجلاس میں انسانی المیہ بھی ایجنڈے پر ہے، ہم فوری طور پر فلسطینیوں کی مدد کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی پالیسی ہمیشہ فلسطینیوں کے حق میں رہے گی، پاکستان خودمختار ملک ہے اور پالیسی عوام کے مفاد میں بناتا ہے، سعودی عرب اور پاکستان مسلسل رابطے میں ہیں، سعودی عرب بہت اہم ملک ہے، او آئی سی میں بھی اہم کردار ہے، پاکستان سعودی عرب سے اہم معاملات پر مشاورت کرتا ہے۔

نگراں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں تعلقات کی خرابی کی خبروں کی تردید کرتا ہوں، پاکستان کے افغانستان سے بہت اچھے تعلقات ہیں، پاکستان زلزلہ متاثرین کیلئے امداد بھیج رہا تھا جس کیلئے افغانستان تیار تھا، افغانستان نے خود کہا ہماری ضرورت اندرونی سطح پر پوری ہوچکی ہے، پاکستان کے افغانستان سے تجارت سمیت مختلف باہمی امور پر روابط ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top