جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اگر اس بار بھی کسی کو مسلط کیا گیا تو اچھا نہیں ہوگا: بلاول بھٹو

17 نومبر, 2023 16:35

مردان: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی پی دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتی ہے اگر اس بار بھی کسی کو مسلط کیا گیا تو یہ عوام کیلئے اچھا نہیں ہوگا، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ جیالہ ہی ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کی نمائندگی کی، قائد عوام نے کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو آواز دی، محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے لیے شہادت قبول کی، بینظیر بھٹو کبھی اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کو شناخت دی، آصف زرداری نے 18 ویں ترمیم منظور کرائی، پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ملک میں اس وقت ہوشربا مہنگائی اور بے روزگاری ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کا حل صرف پیپلز پارٹی ہے، عوامی راج کیلئے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں، عوام کی دشمن روایتی سیاسی جماعتیں ہیں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ تو پیپلز پارٹی سے ہورہا ہے، ہم ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، اگر ایسے ہی کرتے رہے تو پیپلز پارٹی کے ساتھ ناانصافی ہوگی، ہمیں آپس کے اختلافات کو چند ماہ کیلئے بھولنا ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، مہنگائی اور غربت سے ہے، نفرت، تقسیم، گالم گلوچ کی سیاست کو پیچھے چھوڑ کر نئی روایت قائم کرنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے سیاستدان تھوڑا آرام کریں، مجھے وزیراعظم بننے کا موقع دیں: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نئی سیاست متعارف کرانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی وفاقی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے، باقی جماعتوں کو پیغام ہے آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، ہمارا بنیادی اصول ہے طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں، پی پی دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتی ہے اگر اس بار بھی کسی کو مسلط کیا گیا تو یہ عوام کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہمارا منشور اور نعرہ کامیاب ہوگا، پورے وفاق کو ہم ہی چلائیں گے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ جیالہ ہی ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top