جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایم کیو ایم نے علیحدگی اختیار کرلی تو حکومت گر جائے گی: مصطفیٰ کمال

31 مارچ, 2023 20:20

کراچی: مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے علیحدگی اختیار کرلی تو حکومت گر جائے گی، ہم پی ڈی ایم سے الگ ہونے کی بات کرتے ہیں تو مذاکرات کرلیے جاتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا جی ٹی وی کے پروگرام "سات سے آٹھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ہمیں نوکری، پانی اور حق نمائندگی نہیں ملتی، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی والے کراچی والوں کو لوٹتے پھر رہے ہیں، جو لوگ بھی یہ سب کام کررہے ہیں وہ ملک کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان نہیں بچا سکتا، کراچی پاکستان کو پال سکتا ہے، ہمارے ٹرینڈ کے بعد کل جماعت اسلامی جاگی ہے، ہم حکومت میں ہیں تب ہی دوبارہ مردم شماری ہورہی ہے، خالد مقبول صدیقی کی کل وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، ملک میں جو کچھ ہورہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی نے ثابت کردیا انہیں ملک سے زیادہ اپنی پارٹی عزیز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم نے مردم شُماری مسترد کرتے ہوئے ڈیٹا تک رسائی مانگ لی

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے علیحدگی اختیار کرلی تو حکومت گر جائے گی، ہم پی ڈی ایم سے الگ ہونے کی بات کرتے ہیں تو مذاکرات کرلیے جاتے ہیں، حکومت بہت ساری چیزوں میں ناکام ہوئی ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہیں کی، عمران خان نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ وعدہ خلافی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے فائدہ اٹھانا ہوتا تو پیپلز پارٹی میں جاتا ایم کیو ایم میں نہیں آتا، ایم کیو ایم ہی تمام مسئلے کا حل ہے، علی زیدی کو پریشان ہونا بنتا ہے انہیں پتا ہے یہ شہر ان کے ہاتھ سے چلا گیا ہے، پی ٹی آئی والے اپنے 2 سے 3 لوگوں کا نام لیتے ہیں انہیں کپڑے اتار کر مارا ہے، شیروانی پہنا کر کون مارتا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے جو ہم پر گزری وہی پی ٹی آئی والوں پر گزرے، ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے، مائیں بہنوں کو اٹھایا گیا، ابھی تو دروازے سے آتے ہیں ہمارے دور میں تو سیڑھیاں لگا کر آتے تھے، عمران صاحب جب عدالت جاتے ہیں تو ان کی گاڑی میں ہی عدالت لگ جاتی ہے، آج کے زمانے کا ہتھیار ٹوئٹر ہے، میں نے آواز لگائی ٹی ٹی چھوڑو ٹوئٹر استعمال کرو۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top